رینجرز کی حالیہ کاروائیوں اور کراچی آپریشن نے دہشت گردعناصر سے عوام اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا ہے ،ایس ایم منیر

ہفتہ 12 دسمبر 2015 17:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،کاٹی کے صدر زاہد سعید، سینئر نائب صدر سلیم الزمان اور نائب صدر سید واجد حسین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ رینجرز کی جانب سے ماضی میں کی گئی کاروائیوں سے مثبت اثرات نمودارہوئے ہیں اور کراچی کے زمینی حقائق کو مدنظررکھتے ہوئے کہاجاسکتا ہے کہ رینجرز کی حالیہ کاروائیوں اور کراچی آپریشن نے دہشت گردعناصر سے عوام اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کی موجودگی کے باعث شہر سے خوف کی فضاء ختم ہوئی ہے اور لوگوں نے سکون کا سانس لیا ہے، جبکہ غیر ملکی سیاح اور سرمایہ کار جو کبھی کراچی میں آنے سے ڈرتے تھے وہ بھی اب خوف سے آزاد ہوتے ہوئے کراچی میں کاروبار کے لئے آرہے ہیں، جبکہ کراچی کے سابقہ بگڑے حالات کے باعث کراچی میں سرمایہ کاری کا ری کا رجحان ختم ہوگیا تھا اب اس کے اثرات اطمینان بخش ہونے کے باعث ملک کے دوسرے شہروں سے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اقدامات سے پہلے کراچی میں ہوٹل ویران تھے اور کراچی میں خوف اور بد امنی کے سبب سرمایہ کار کراچی کو خیر باد کہہ رہے تھے ، سرمایہ منتقل ہو نے کے ساتھ ساتھ روزگار کے موقعے بھی کم ہورہے تھے، اب جبکہ رینجرز کے اقدامات کی وجہ سے سرمایہ کاروں ، تاجر و صنعتکاروں کا اعتماد بحال ہونے کے باعث دوبارہ کراچی کے اندر معاشی ترقی اور نئی صنعتوں کا قیام وجود میں آیا ہے اور روزگار کے نئے مواقعے پیدا ہوئے ہیں، اب اگر یہ چیز روکی گئی اور دوبارہ وہی حالات پیدا ہوئے تو کراچی سے سرمایہ اور ملازمتوں کے مواقعے دوسرے شہروں اور ملکوں میں منتقل ہو جائیں گے جس کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز ، ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ خوری اور اغواء برائے تاوان جیسے جرائم میں خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے اور شہر کراچی کے حالات میں رینجرز کے باعث بہتری آئی ہے جبکہ بڑے پیمانے پر اسلحہ اور ملزمان کو بھی پکڑا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے پولیس اور رینجرز بھرپورکام کررہی ہے کراچی کے امن کی بہتری کے لئے رینجرز کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرتے ہوئے عوام کو تحفظ فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے رینجرز کی بے مثال کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر رینجرز کی تعیناتی میں بے جاء تاخیر کی گئی اور انہیں بے اختیار کیا گیا تو بھتہ خور اور دہشت گرد عناصر دوبارہ منظم ہو کر جرائم کی شرح میں اضافے کا موجب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے انسداددہشت گردی کے لیے بنائی گئی عدالتوں کو فعال بنانا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں صورتحال ماضی کی نسبت قدرے بہترہے اور عوام کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے رینجرز اور پولیس نے بھرپور کرداراداکیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی کے لیے صنعتی سرگرمیوں کا جاری رہنا بے حد ضروری ہے جسکے لیے سازگارماحول اہمیت کا حامل ہے، جس کے لئے رینجرز اور دیگر ادارے اپنا کردار احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو مقدم رکھتے ہوئے نیز رینجرز کی دہشت گرد وں و ملک دشمن عناصر کے خلاف سابقہ خدمات کو مڈ نظر رکھتے ہوئے فی الفور انکی تعیناتی میں توسیع اوراختیارات میں اضافہ کیا جائے۔