وفاقی اداروں کی طرح وفاقی حکومت بھی سندھ کے معاملات میں مداخلت کررہی ہے ،سینیٹر سعید غنی

ہفتہ 12 دسمبر 2015 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی میڈیا سیل سندھ کے انچارج اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈرسینیٹر سعید غنی نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے سندھ حکومت کے آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے ضروری اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنانے اور لمبی چوڑی پریس کانفرنس کرنے کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں وزراء نے سندھ کے وزیراعلیٰ سیدقائم علی شاہ کے اس بیان کی تصدیق کردی ہے کہ نہ صرف وفاقی ادارے بلکہ وفاقی حکومت خود بھی سندھ حکومت کے معاملات اور صوبے میں مداخلت کر رہے ہیں۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے چوہدری نثار علی خان اور پرویز رشید سے سوال کیا کہ کیا صوبے کی منتخب حکومت ، اسمبلی اور چیف ایگزیکٹو کو بائی پاس کرکے صوبے میں مینڈیٹ سے ماورا اقدامات جائز اور قانونی ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے دونوں وزراء اس بات کی بھی وضاحت قوم کو پیش کریں کہ سندھ کے وزیراعلیٰ نے جن تحفظات اور مینڈیٹ سے ماورا وفاقی اداروں کے اقدامات کو قوم کے سامنے رکھا ہے وہ درست ہیں یا نہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ایکشن کی حامی ہے لیکن یہ بات بھی دھیان میں رہنی چاہیے کہ کسی کو بھی آئین سے ماورا اقدامات کی اجازت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اگر ایسا ہوا تو دہشتگردی کے خلاف اب تک کئے جانے والے اقدامات پر سوال ضرور اٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :