امریکی قونصل خانے کے تحت سندھ کلچر ڈے منایا گیا

ہفتہ 12 دسمبر 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) امریکی قونصل خانے کے تحت سندھ کلچر ڈے منایا گیا۔ کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل برائن ہیتھ نے اپنی رہائش گاہ پر نامور سماجی شخصیات کو مدعو کرکے سندھی موسیقی کی محفل کا انعقاد کیا۔ موسیقار ذوالفقار فقیر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بورنیڈو اور بانسری پر روایتی سندھی گیت پیش کیے۔

مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے قونصل جنرل برائن ہیتھ کا کہنا تھا کہ انہیں سندھ کلچر ڈے کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر تقریب منعقد کرکے بے انتہا خوشی محسوس ہورہی ہے۔ پاکستان کی طرح امریکا بھی مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا مجموعہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی حکومت مختلف ثقافتوں کو تقریب لانے کے ساتھ ساتھ ان کی ترویج کی بھی کوشش کررہی ہے۔

(جاری ہے)

قونصل جنرل نے کہا کہ موئن جوڈرو کے زمانے سے سندھ شاعروں اور صوفیائے کرام کی سرزمین ہے۔ انہوں نے امریکی عوام کی جانب سے پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے 6 کروڑ سندھیوں کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ سندھ کلچر ڈے منانے کے ساتھ ساتھ امریکی قونصل خانے کراچی نے اپنی سندھی ویب سائٹ کا بھی آغاز کیا ہے جبکہ فیس بک اور ٹوئٹر پر سندھی زبان میں پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ امریکی قونصل خانے کی سندھی ویب سائٹ تک رسائی کے لیے ووٹ کریں:www.sindhi.karachi.usconsulate.gov ۔

متعلقہ عنوان :