ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹرافی 11 جنوری کوپاکستان میں جلوے بکھیرے گی

اتوار 13 دسمبر 2015 12:57

ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹرافی 11 جنوری کوپاکستان میں جلوے بکھیرے گی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 دسمبر۔2015ء) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کی ٹرافی 11 جنوری کوپاکستان میں جلوے بکھیرے گی۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں آئندہ برس مارچ میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ ٹی20کی ٹرافی اتوار کو ممبئی سے عالمی ٹور پر روانہ ہوگی، پہلی منزل اسکاٹ لینڈ ہے۔ وہاں سے آئرلینڈ جانے کے بعد 2010 ایڈیشن کے فاتح انگلینڈ لے جایا جائے گا، پھر نیدرلینڈ آمد کے ساتھ یورپ کا دورہ 21 دسمبر کو مکمل ہوگا، نئے سال کے آغاز میں 2 اور 3جنوری کو ٹرافی زمبابوے میں شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی، جنوبی افریقہ میں قیام 5 اور 7 تاریخ کو ہونا ہے، طویل مسافت کے بعد 2009 کے چیمپئن ملک پاکستان آمد پر برصغیر کا ٹور شروع ہوگا، یہاں کرکٹ کے پرستار 11 اور 12 جنوری کو اس کا دیدار کرینگے، ایک روزہ وقفے کے بعد بنگلہ دیش میں سفر شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

دفاعی چیمپئن سری لنکا میں ٹرافی 17 اور 18 کوجائیگی، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ 21 سے 31 جنوری تک ہوگا، ان میں سے 4 روز کیویز اور 6 دن کینگروز کے دیس میں گزریں گے۔ ورلڈ ٹور کے دوران ٹرافی کو میزبان ملکوں میں جاری ڈومیسٹک و انٹرنیشنل میچز کے دوران اور عوامی مقامات پر نمائش کیلئے رکھا جائیگا۔رونمائی کے حوالے ہر ملک کا کرکٹ بورڈ اپنی سہولت کے مطابق پروگرام ترتیب دے سکتا ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ ٹرافی کے ٹور سے میگا ایونٹ کی تشہیر اور شائقین کا جوش و خروش بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی8مارچ سے3 اپریل تک بھارت میں منعقد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :