بھارتی بورڈ سے مثبت جواب نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (کل )پاک بھارت کرکٹ سیریز کے خاتمے کا اعلان کریگا

سیریز منسوخ ہونے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ٗ اتنے مختصر وقت میں سیریز کے انتظامات کرنے سے قاصر ہیں ٗانٹرویو

اتوار 13 دسمبر 2015 13:05

بھارتی بورڈ سے مثبت جواب نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (کل )پاک بھارت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) سے مثبت جواب نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (کل)پیر کو پاک بھارت کرکٹ سیریز کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کریگا پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے تین روز قبل بذریعہ ای میل بی سی سی آئی سے 48 گھنٹوں میں حتمی جواب دینے کو کہا تھا بصورت دیگر وہ انڈیا کے خلاف سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیں گے۔

شہریار نے بتایا کہ انہیں بی سی سی آئی سے ہفتہ کی شام تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا لہذا وہ سیریز کا باب بند کرنے جا رہے ہیں۔’تاہم، ہم اس حوالے سے پیر کو اعلان کریں گے۔ہم نے انڈیا سے کھیلنے کی ہر ممکن کوشش کی حتی کہ بی سی سی آئی کی خواہش پر وینیو بھی تبدیل کر دیا تاہم، ہماری کوششیں رائیگاں گئیں۔

(جاری ہے)

سیریز کے انعقاد میں ناکامی سے دنیا بھر کے بالخصوص پاکستان اور انڈیا میں لاکھوں کرکٹ شائقین مایوس ہوئے۔

شہریار نے بتایا کہ سیریز نہ ہونا کرکٹ کیلئے اچھا نہیں اور وہ آئی سی سی اور باہمی سطح پر انڈیا کو اپنے جذبات سے آگاہ کریں گے۔شہریار کے مطابق انہوں نے بی سی سی آئی کو فیصلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا اور اس کیلئے کئی بار ڈیڈ لائن بڑھائی گئی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو سیریز منسوخ ہونے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور وہ اتنے مختصر وقت میں سیریز کے انتظامات کرنے سے قاصر ہیں۔بی سی سی آئی نے سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن انڈین حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تاحال این او سی جاری نہیں کیا۔