نیند کی کمی ناقص غذا سے بھی زیادہ خطرناک ہے ٗامریکی تحقیق

آپ خود کو فٹ رکھنے کیلئے ورزش کرتے ہیں اور مناسب غذا بھی لیتے ہیں مگر نیند کی کمی کا شکار ہیں تو آپ کی صحت متاثر ہوگی ٗرپورٹ

اتوار 13 دسمبر 2015 15:06

نیند کی کمی ناقص غذا سے بھی زیادہ خطرناک ہے ٗامریکی تحقیق

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی)امریکی تحقیقاتی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ نیند آپ کی صحت کیلئے اندازوں سے بھی زیادہ اہم ہے اور نتائج سے یہ ثابت بھی ہوا ہے۔لاس اینجلس کے سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں نیند کی کمی کے انسولین کی حساسیت پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

نتائج سے معلوم ہوا کہ چھ ماہ تک بہت زیادہ چربی والی غذاؤں کے استعمال سے اگر انسولین کی حساسیت میں 21 فیصد کمی آتی ہے تو محض ایک رات کی نیند کی کمی ہی انسولین کی حساسیت کی شرح 33 فیصد تک کم ہوجاتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ تحقیق کے مطابق ایک رات کی نیند کی محرومی بھی چھ ماہ تک ناقص غذاؤں کے استعمال کے مقابلے میں زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ نیند بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے، موٹاپے اور ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ کم کرتی ہے۔تحقیق کے مطابق اگر آپ خود کو فٹ رکھنے کے لیے ورزش کرتے ہیں اور مناسب غذا بھی لیتے ہیں مگر نیند کی کمی کا شکار ہیں تو آپ کی صحت متاثر ہوگی۔بیشتر افراد متوازن غذا کی اہمیت کو تو سمجھتے ہیں مگر نیند کی افادیت کے حوالے سے واقف نہیں۔