ورلڈ ٹی 20،پاک بھارت وزرائے اعظم کومیچ دیکھنے کی دعوت

ایک ماہ کے کرکٹ سیزن میں دنیا بھر کے شائقین یہاں کا رخ کرینگے، ہماچل پردیش کے بزنس کو ایک ہزار کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا، ترجمان ایچ پی سی اے

اتوار 13 دسمبر 2015 15:56

ورلڈ ٹی 20،پاک بھارت وزرائے اعظم کومیچ دیکھنے کی دعوت

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 دسمبر۔2015ء) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاک بھارت میچ سے ہماچل پردیش کے خزانے بھرجائیں گے، کرکٹ ایسوسی ایشن نے دونوں ممالک کے وزرا اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کو میچ دیکھنے کی دعوت دے دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے اپنی پوزیشن سے بھرپورفائدہ اٹھاتے ہوئے ہماچل پردیش کو خوب نوازا جہاں کی کرکٹ ایسوسی ایشن کے وہ خود صدر بھی ہیں، دھرم شالا کے خوبصورت کرکٹ اسٹیڈیم کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 لیگ کے 10 میچز کی میزبانی دی گئی ہے، جس میں ویمنز ٹیموں کے 2مقابلے بھی شامل ہیں، مگر اس کی خوشی کا باعث پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہے جو اس ایونٹ کا بلاک بسٹر مقابلہ ثابت ہوگا، اسی کی بنیاد پر اسٹیٹ میں اربوں روپے کے بزنس کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایچ پی سی اے کے ترجمان موہت سود نے کہاکہ ایک ماہ کے کرکٹ سیزن میں دنیا بھر کے شائقین یہاں کا رخ کرینگے، جس سے ہماچل پردیش کے بزنس کو ایک ہزار کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔ ایسوسی ایشن کے نائب صدر سریندر ٹھاکر نے موقع کی مناسبت سے دونوں ممالک کے وزرا اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کو بھی مقابلہ دیکھنے کی دعوت دیدی۔ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ نوازشریف اور نریندر مودی ایک ساتھ یہاں میچ دیکھیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی ایسوسی ایشن نوازشریف کو باضابطہ طور پر یہاں آنے کی دعوت دیگی تو سریندر نے کہاکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو اسے یقینی بنانا ہوگا، انھوں نے مزید کہا کہ میچز کرکٹ ڈپلومیسی کا موقع فراہم کرتے ہیں، اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آسکتی ہے

متعلقہ عنوان :