ایران نواز حوثیوں کا یمن میں فلسطینی سفیر کی رہائش گاہ پر دھاوا،ایک جاں بحق

شدت پسندوں کی گھر میں داخل ہوکرتوڑپھوڑ،موجود افرادکو بھی زدوکوب کیا،یمنی وزارت خارجہ

اتوار 13 دسمبر 2015 17:44

ایران نواز حوثیوں کا یمن میں فلسطینی سفیر کی رہائش گاہ پر دھاوا،ایک ..

صنعاء(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) یمن میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کی جانب سے قوم کو گمراہ کرنے کے لیے بہ ظاہر امریکا اور اسرائیل کی سخت مخالفت اور فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کا تاثر دیا جاتا رہا ہے مگر گذشتہ روز حوثیوں کی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کا بھرم اس وقت کھل گیا جب باغیوں نے صنعاء میں قائم فلسطینی کی رہائش گاہ پر یلغار کر دی،عرب ٹی وی کے مطابق حوثی باغیوں نے صنعاء میں واقع فلسطینی سفارت خانے پر دھاوا بولا اور گھر میں توڑپھوڑ کی،’امریکا اور اسرائیل مردہ باد‘ کے نعرے لگانے والوں کی جانب سے فلسطینی سفیر کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کرنے پر عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے،یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح حوثیوں کے ایک گروپ نے ہفتے کے روز صنعاء میں متعین فلسطینی سفیر دیاب اللوح کے گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔

(جاری ہے)

فلسطینی سفیر کے مکان کا محاصرہ کئی گھنٹے تک جاری رکھا۔یمنی وزارت خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دیاب اللوح کے گھر پر دھاوا بولنے اور توڑپھوڑ کی ذمہ داری حوثی شدت پسندوں پر عائد کی، وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مسلح حوثیوں اور فلسطینی سفیر کی رہائش گاہ پر متعین محافظوں کے درمیان جھڑپ میں ایک محافظ بھی جاں بحق ہوا ہے۔یمن کی خبر رساں ایجنسی نے وزارت خارجہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی کہ صنعاء میں فلسطینی سفیر کے گھر پر دھاوا مسلح حوثیوں کی جانب سے بولا گیا تھا۔

گھر میں داخل ہونے والے شدت پسندوں نے توڑپھوڑ کی اور وہاں پر موجود افراد کو زد و کوب کیا۔خیال رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعاء میں فج عطان کالونی میں واقع فلسطینی سفارت خانے کی جانب سے گذشت بدھ کو جاری کردہ ایک بیان میں سفارتی سرگرمیاں دوبارہ سے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ قبل ازیں سفارت خانے کے مرمتی کام کی وجہ سے وہاں پر سفارتی امور کی انجام دہی روک دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :