ایف بی آرنے معروف ڈریس ڈیزائنر رانی ایمان کے خلاف سیلز ٹیکس چوری کے ثبوت حاصل کر لئے ،رانی ایمان نے اندرون اور بیرون ممالک میں فیشن شوز سے حاصل ہونے والی آمدنی اپنے ٹیکس ریٹرن میں ظاہر نہیں کی

اتوار 13 دسمبر 2015 18:01

ایف بی آرنے معروف ڈریس ڈیزائنر رانی ایمان کے خلاف سیلز ٹیکس چوری کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 دسمبر۔2015ء) فیڈر ل بورڈ آف رینویو(ایف بی آر) نے معروف ڈریس ڈیزائنر رانی ایمان کے خلاف سیلز ٹیکس چوری کے ثبوت حاصل کر لئے ہیں ،رانی ایمان اندرون اور بیرون ممالک میں فیشن شوز سے حاصل ہونے والی آمدنی اپنے ٹیکس ریٹرن میں ظاہر نہیں کی ہے ،ایف بی آر نے رانی ایمان کے تمام بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کر لی ہیں اور یہ تفصیلات جلد ہی عدالت میں پیش کر دی جائیں گی آن لائن کے پاس دستیاب ایف بی آر دستاویز کے مطابق فیشن ڈیزانیئر رانی ایمان کے برینڈ نام سے عروسی ملبوسات تیار کئے جاتے ہیں جو ملک بھر میں بڑے بڑے سٹوروں پر مہنگے داموں فروخت کئے جاتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق رانی ایمان نے گذشتہ دوسال کے دوران سیلز ٹیکس ٹرن اوور رجسٹریشن بینچ مارک جو پچاس لاکھ روپے ہے سے کم ڈکلیئر کیا ہے دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے فیشن ڈیزانئر کے بینک اکاونٹس سٹیٹمنٹ جمع کرلی ہیں جس کے مطابق رانی ایمان ملک کے اندر اور ملک سے باہر باقاعدگی سے فیشن شو میں شرکت کرتی رہتی ہے تاہم برآمدات یا درآمدات ان کی ڈکلیئریشن میں ظاہر نہیں ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق ایف آئی اے سے جب رانی ایمان کے بیرون ملک سفر کا ڈیٹا لیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ اکثر بیرون ملک سفر کرتی رہتی ہیں اس کے علاوہ جب ایف آئی اے نے رانی ایمان کے کمپیوٹر فرانزیک کا تجزیہ کیا تو ڈیٹا سے پتہ چلا کہ سیلز ٹیکس ایکٹ انیس سو نوے کی خلاف ورزی ہوئی ہے ،ان اقدامات کی روشنی میں ایف بی آر نے 1کروڑ 58لاکھ روپے کے ٹیکس فراڈ کے تمام ثبوت عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے