وفاق اور سندھ میں بلا جواز خلیج جمہوریت کے لئے بد شگون ہے،علی اکبر گجر

کراچی کے امن اور ترقی کے لئے رینجرز کے اختیارات میں فی الفور توسیع نا گزیر ہے

اتوار 13 دسمبر 2015 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ میں بلا جواز خلیج جمہوریت کے لئے بد شگون ہے۔ اگر خدا نخواستہ یہ غلط فہمیاں بڑھتی چلی گئین تو ملک میں پارلیمانی نظام اور جمہوریت کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ دشمن نہیں چاہتے کہ کراچی میں امن قائم ہو کیونکہ ملک کی اقتصادی ترقی کراچی کے امن اور ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔

اس لئے ضروری ہے کہ حکومت سندھ جمہوریت کے مستقبل اور قوم کے وسیع تر مفاد میں ضد اور محاذ آرائی کا رویہ ترک کر کے رینجرز کے اختیارات میں فی الفور توسیع کر دے تاکہ رینجرز قیام امن کے لئے اپنا ادھورا مشن پورا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کل تک کراچی بد امنی، لاقانونیت، گینگ وار، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی خوفناک آگ میں جل رہا تھا۔

(جاری ہے)

شہر قائد اعظم کے عوام خوف اور دہشت کے سائے تلے زندگی گزارنے پر مجبور تھے اور سندھ کی مائیں بہنیں ایک بار پھر کسی محمد بن قاسم کی راہ دیکھ رہی تھیں۔

قائد جمہوریت میاں نواز شریف بر سر اقتدار آئے تو انہوں نے عوامی خواہشات کے پیش نظر کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے پوری قوم کو اعتماد میں لے کر رینجرز کے ذریعے "کراچی آپریشن" کا آغاز کیا جس کے دو ہی سال میں مثبت نتائج برآمد ہوئے اور کراچی کے امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا جس پر اندرونی اور بیرونی دشمنوں کی نیندیں حرام ہو گئیں اور وہ سندھ اور وفاق میں نفاق پیدا کرنے کے لئے در پردہ سازشوں میں مصروف ہیں اور سندھ، وفاق اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باہم سرکشی پر مجبور کر رہے ہیں۔ علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر کا فائدہ ملک اور جمہوریت دشمنوں کو مل رہا ہے جو نہیں چاہتے کہ پاکستان اور اس کے عوام آگے بڑھیں۔

متعلقہ عنوان :