حیدر عباس رضوی نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات میں شہر قائد پینل کی حمایت کا اعلان کردیا

اتوار 13 دسمبر 2015 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق ممبر قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے انتخابات میں شہر قائد پینل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں شہر قائد پینل ہارا نہیں بلکہ مخالفین کو جتایا جاتا رہا مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ شہر قائد کے ادیبوں، دانشوروں، آرٹسٹوں اور کراچی آرٹس کونسل کے ممبران کے ووٹ اب شہر قائد پینل ہی کو ملنا چاہئے میں آرٹس کونسل کا مایوس ممبر ہوں جس کو آرٹس کونسل میں آرٹس کے حوالے سے کچھ نظر نہیں آیا، ڈھول ڈبہ فنون لطیفہ نہیں اورصرف گہما گہمی فن کے فروغ کا نام نہیں ہے، ہونا یہ چاہئے تھا کہ فنون لطیفہ کے کئی ادارے ایک مرکزی آرٹس کونسل سے فروغ پاتے مگر ایسا نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

متعدد مرتبہ غلطیوں کی نشاندہی کی جاتی رہی ہر مرتبہ یہ کہا جاتا رہا کہ آئندہ درست کرلیں گے جو صرف زبان کی حد تک محدود رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر قائد پینل کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو اتوار کو ایک مقامی ہال میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق، عادل خان، ممبر قومی اسمبلی ڈپٹی اقبال خان، ریحان ہاشمی اور دیگر معززین شہر اور آرٹس کونسل کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا نمائندہ شہر ہے لہٰذا یہاں کے ادارے پاکستان کی نمائندہ ہونا چاہئے،آرٹس کونسل نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پر فخر کیا جاسکے اور فنون لطیفہ کی ترقی کا باعث بنے اب ہم آرٹس کونسل کی ترقی کے لئے شہر قائد پینل کی حمایت کرتے ہیں تاکہ آرٹس کونسل کو ایسا ادارہ بنایا جاسکے جہاں فنون لطیفہ کی تمام جہتوں کو پھلنے پھولنے کا موقع ملے، ماضی میں آرٹس کونسل میں کوئی ایسا کام دیکھنے میں نہیں آیا جو کراچی کی شناخت سندھ کے لئے باعث عزت اور پاکستان کے نام کو بلند کرتا ہو اس لئے اب آرٹس کونسل کے قبلے کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

انور احمد زئی نے کہا کہ فنون لطیفہ کی حیثیت جسم کے اندر روح کی طرح ہے اب شہر قائد کے دانشوروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کو درست کریں۔ ممتاز صنعتکار خلیل احمد نینی تال والا نے کہا کہ مجھے یہ کہا گیا کہ آپ انتخابات نہیں لڑرہے ہماری حمایت کریں مگر میں نے کہا کہ ہم آرٹس کونسل کو صحیح معنوں میں آرٹس کونسل بنانے آئے ہیں کچھ اور نہیں۔ اجلاس سے گلنار آفرین، بختیار احمد، خلیل خان، مختار جنیدی، آغا طارق، حسن عباس، واجد رضا اصفہانی ، محمد شکیل، حسنین رضوی اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ ممتاز مقرر اور وکیل ایس ایم شجاع نے کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیئے ۔

شہر قائد پینل کے صدارتی امیدوار رضوان صدیقی نے مختصر خطاب اور پینل کے اراکین کا تعارف کرایا شہر قائد پینل میں صدر کے امیدوار رضوان صدیقی ، نائب صدر کے امیدوار ایم ظہیر خان، سیکریٹری کے امیدوار نجم الدین شیخ ، جوائٹ سیکریٹری کے لئے خالد آرائیں، خازن کے لئے امجد فرید صابری امیدوار ہوں گے جبکہ گورننگ باڈی کے لئے محمد ایوب، سید سہیل عابدی، اویس ادیب انصاری، جاوید صبا، آغا مسعود حسین، طارق سبزواری ، حکیم مجاہد محمود برکاتی، ڈاکٹر بلند اقبال، روبینہ اشرف، تاجدار عادل، محمد ایوب کھوسہ، عبدالحکیم ناصف امیدوار ہوں گے۔

تقریب میں ڈاکٹر احمر رفائی، ناصر شمسی، وسیم ہاشمی ، شہاب اقتدارقدر، غیاث الدین افسر، خالد لطیف، محمد افراہیم، عادل ابراہیم، ڈاکٹر قمر خان یوسف زئی، عذیر مدنی، سجاد ہاشمی، سربراہ اردو لغت بورڈ عبدالمالک ، رونق حیات، ناہید ابرار سمیت شہر کی سماجی، تعلیمی، علمی، ادبی، کھیل، فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کے فنکار اور فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی چیدہ چیدہ شخصیات بھی موجود تھیں۔