ایڈمسنٹریٹر بلدیہ غربی کا جاری صفائی وستھرائی کے کاموں کا جائزہ

اتوار 13 دسمبر 2015 20:53

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13دسمبر۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے کہا ہے کہ بلدیہ غربی کی حدود میں جاری صفائی ستھرائی کے امور اس انداز میں انجام دیئے جائیں کہ اس سے یہاں رہائش پذیر افراد کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آئے۔

(جاری ہے)

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی افسران کے ہمراہ کیماڑی زون کے مختلف علاقوں میں جاری صفائی ستھرائی اور کچرے وملبہ کی منتقلی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے موقع پر موجود افسران و عملے کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ صفائی ستھرائی کے دوران موجود وسائل کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ہر قسم کی ہلکی و بھاری مشینری استعمال کی جائے اور ان مقامات پر جہاں مشینری کا استعمال ممکن نہیں وہاں ہینڈ ٹرالی کے ذریعے کچرے کی منتقلی کو ممکن بنایا جائے، جن مقامات پر صفائی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہو وہاں اور خصوصاً کچرا کنڈیوں میں چونے اور جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جائے۔