وزیر اعلیٰ سندھ سے خیرپور بار ایسوسی ایشن اور نومنتخب کونسلرز کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

اتوار 13 دسمبر 2015 22:02

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے کونسلرز اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے کاموں پر توجہ دیں۔ اتوار کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سرکٹ ہاؤس خیرپور میں نومنتخب کونسلرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئی کہی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے تعلیم، صحت، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے ہیں اور مزید کرتے رہیں گے۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے تعلیم پر خاص توجہ دیتے ہوئے مختلف تعلیمی ادارے بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیرپور زرعی کالج قائم کرکے یہاں کے نوجوانوں کو بہتر تعلیم کی سہولت فراہم کی ہے اور جلد اس کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ نے سرکٹ ہاؤس خیرپور میں نومنتخب خیرپور بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت مہیسر اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور ان کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈی سی خیرپور منور علی مٹھانی، ایس ایس پی خیرپور سید پیر محمد شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرسنل سیکریٹری مظہر خان، سید امجد علی شاہ، ڈاکٹر یار محمد پھلپوٹو، غلام حسین مغل اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :