ایم کیو ایم کے تحت نائن زیرو پر سندھی ثقافتی دن پرجوش انداز میں منایا گیا

رابطہ کمیٹی، حق پرست اراکین اسمبلی، تنظیمی شعبہٴ جات کے ذمہ داران، نامور فنکاروں سمیت سندھی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت

اتوار 13 دسمبر 2015 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام الطاف حسین کی رہائشگاہ المعروف نائن زیرو پر سندھی ثقافتی دن جوش و خروش سے منایا گیا اس موقع پر پررونق تقریب منعقد کی گئی۔ جس میں بڑی تعداد میں سندھی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت مختلف شعبہٴ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیر سید شاہد پاشا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک نے ہمیشہ بلاتفریق رنگ و نسل، مذاہب و مسلک اور قوم و زبان تمام پاکستانیوں کی خدمت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ایم کیو ایم پر سندھ دشمنی کا الزام لگاتے ہیں میں ان سے صرف اتنا کہوں گاکہ وہ سندھی ثقافتی دن پر ایم کیو ایم کے تحت ہونے والے اس پروگرام دیکھ لیں جو ایم کیوایم گزشتہ کئی سالوں سے مسلسل مناتی آرہی ہے اور آگے بھی مناتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جاگیردار اور وڈیرے کی عوام میں ایم کیو ایم کیلئے نفرتیں پھیلانے کی سازشیں کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر سندھ کا غریب کسان ، ہاری، مزدور ایم کیو ایم کے ساتھ ہوگیا تو انگریزوں کی دی ہوئی ان کی جاگیریں خطرے میں پڑ جائینگی اور یہی وجہ ہے کہ وہ سندھی عوام میں ایم کیو ایم کے خلاف بھرپور منفی پروپیگنڈہ کرتے رہتے ہیں لیکن ہم ان تمام سازشی ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں گے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی رکن زرین مجید نے کہا کہ قائد تحریک نے متحدہ قومی موومنٹ کی شکل میں پاکستان کے تمام غریب و مظلوم عوام کو ایک ایسی تنظیم کا تحفہ دیا ہے جو بلاتفریق رنگ و نسل اور زبان ان کی واحد آواز بنی۔ اس موقع پر ریحانہ نسرین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم وہ واحد جماعت ہے جس نے پورے پاکستان میں ہونے والے ہر ظلم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی چاہے کاروکاری کامعاملہ ہو یا جبری مزدوری کا معاملہ ہو ایم کیو ایم نے ہمیشہ ان غریب ہاری، مزارع اور مزدوروں کے لئے آواز بلند کی ہے جن کا ووٹ ہمیشہ جاگیرداروں اور وڈیروں نے لوٹا ہے۔

اس موقع پر حق پرست رکن سندھ اسمبلی دیوان چند چاولہ، انور اقبال بلوچ، ارشد محمود و دیگر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ پروگرام میں اراکین اسمبلی، شعبہ جات کے ذمہ داران، نامور فنکاروں سمیت بڑی تعداد میں سندھی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر سلیم آفریدی و دیگر نامور فنکاروں نے بھی شرکت کی اور بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کی شاندار کامیابی پر الطاف حسین اور تمام حق پرست عوام کو مبارک باد پیش کی اور ساتھ ہی سندھ میں الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی خدمات کے اعتراف میں خصوصی نغمے اور شاعری پیش کی اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔ اس موقع پر شرکاء نے الطاف حسین، ایم کیو ایم اور سندھ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔