زراعت سندھ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،سید قائم علی شاہ

سندھ کے عوام زراعت پر انحصار کرتے ہیں، معیاری ، بہتر اور بچت پر مبنی تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں ،وزیر اعلیٰ سندھ

اتوار 13 دسمبر 2015 23:13

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13دسمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ زراعت سندھ میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور سندھ کے عوام زراعت پر انحصار کرتے ہیں معیاری ، بہتر اور بچت پر مبنی تعلیمی ادارے قائم کیے ہیں جس سے یہاں کے نوجوان تعلیم حاصل کرکے سندھ کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار اداکرسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 62 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے خیرپورکالج آف ایگریکلچر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ایگروبیسڈ انڈسٹری کے باعث خرچ میں کمی واقع ہوگی اور پورے صوبے سمیت پاکستان اور بیرون ممالک میں یہاں بنائی گئی مشنری قابل فروخت بن سکے گی انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس گنا، کپاس، چاول اور گندم کی فصل کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے جو قابل ستائش بات ہے یورپی یونین نے پاکستان پر لگائی گئی پابندی بھی ختم کردی ہے کیونکہ ہماری سندھ میں فی ایکڑفصلیں پنجاب سے زیادہ پیداواردے رہی ہیں ہمیں ٹیکسٹائل پر بھی توجہ دینا ہوگی انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت کی تعلیم کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرنا ہونگے سندھ میں زراعت کی مشنری بنانے کے لیے زرعی انجینئرز کی ضرورت ہے جس کے لیے یہاں یہ کالج قائم کیا گیا ہے جس کو آگے چل کر یونیورسٹی کا درجہ دلایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں ،آبادگاروں اور کھیتی باڑی کرنے والوں کو پنجاب کی نسبت نرخ زیادہ دیتی ہے سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان بن گئی ہے انہوں نے سیڈ کارپوریشن کی کارکردگی کو بہتر کرنے کی سخت ہدایات دیں انہوں نے کہا کہ مختلف فصلوں کے بیجوں کے لیے بھرپور توجہ دینا ہوگی انہوں نے کہا کہ ٰخیرپور کالج آف ایگریکلچر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا افتتاح کرکے بہت خوشی ہورہی ہے کالج کی جو بھی مطلوبہ ضروریات ہیں ان کو جلد پورا کیا جائے گا اور مالی مدد بھی کی جائے گی وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر کالج کے سبزہ زار میں پودا لگا یا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے فیض آباد کالونی ریلوے کراسنگ پر 716.835 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اوور ہیڈ برج کا افتتاح کیا اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ کو ہدایت کی کہ وہ اس کے لیے شہید بے نظیر بھٹو اوورہیڈ برج سے منصوب کرتے ہوئے یہاں بورڈ آویزاں کریں اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس پل کی تعمیر اولڈ نیشنل ہائی وے پرکی گئی ہے کیونکہ یہاں کھجور اور اناج منڈی اور ریلوے کراسنگ کے باعث ٹریفک جام ہوجاتا تھا اور عوام اور قریبی اسکول کے بچوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور اس پل کے استعمال کے نتیجے میں وقت کی بچت ممکن ہورہی ہے اور جو ٹریفک براہ راست سکھر اور دیگر شہروں کی جانب جاتی ہے اس کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہورہی ہے ۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے معروف مذہبی رہنما میجر (ر) سید علی عباس کاظمی کی وفات پر ان کے بھائی سید حسن عباس کاظمی اور ان کے بیٹے سید صادق عباس کاظمی سے ان کی رہائش گاہ پر جاکر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی بعد ازاں خیرپور جم خانہ کلب میں تعلقہ خیرپور سے منتخب ہونے والے کونسلرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینوں سے ملاقات کی اور ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی اور آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے آپ لوگوں کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا ہے اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی خدمت کریں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہوں اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت تمام کونسلر کے توسط سے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں چھوڑے گی اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائیں گی۔

اس موقع پر کمشنر سکھرڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈی سی خیرپور منور علی مٹھانی، ایس ایس پی خیرپور سید پیر محمد شاہ،وزیر اعلیٰ سندھ کے پرسنل سیکریٹری مظہر خان، سید امجد علی شاہ،علی شیر مکول ،امام ڈنو ملاح، ڈاکٹر یار محمد پھلپوٹو، غلام حسین مغل اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے