سندھ اسمبلی:رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرارداد آج پیش ہوگی

پیر 14 دسمبر 2015 11:14

سندھ اسمبلی:رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی قرارداد آج پیش ہوگی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14دسمبر2015ء)سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کے لیے قرارداد آج صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔سائیں قائم علی شاہ کہتے ہیں نیب کا معاملہ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ اتوار کی شام وزیراعلیٰ صوبائی وزیروں اور مشیروں کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھے اور اس معاملے پر غور کیا۔ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا معاملہ ، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ، آج معلوم ہو جائے گا۔

سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کے لیے قرارداد آج سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی قرارداد کے ذریعے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی جائے گی ،رینجرز کے اختیارات کا تعین ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کیا جائے گا، رینجرز کو یہ اختیارات آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی وزرا اورمشیروں کا اجلاس بھی ہوا جس میں سندھ اسمبلی میں لائی جانے والی قرارداد پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا ڈاکٹر عاصم یا کسی سے بھی ناانصافی نہیں ہونی چاہیے۔ نیب کا معاملہ بھی سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ اسمبلی میں دیکھیں گے ایم کیو ایم آپریشن کی حمایت کرتی ہے یا نہیں۔