سابق کر کٹرز نے ٹیم کی حالیہ شکستوں کا ذمہ دار ہیڈ کوچ وقار یونس کا قرار دیدیا

پیر 14 دسمبر 2015 13:29

سابق کر کٹرز نے ٹیم کی حالیہ شکستوں کا ذمہ دار ہیڈ کوچ وقار یونس کا قرار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 دسمبر۔2015ء)سابق کر کٹرز نے قومی ٹیم کی حالیہ شکستوں کا ذمے دار ہیڈ کوچ وقار یونس کا قرار دیدیا، اور انکو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔پاکستان کے کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے ساتھ ایک اور سابق کپتان محمد یوسف نے بھی وقار یونس کو پاکستان ٹیم کی کوچنگ سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،ان کی رائے میں غیر ملکی کوچ ہی پاکستان کرکٹ کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو کنارے لگا سکتا ہے۔

بار بار کوششوں کے باوجود وقار یونس اپنے رویے میں بہتر ی نہیں لاسکے، انہیں برطرف کیا جائے۔ دوسری جانب سینئر ٹیسٹ بیٹسمین یونس خان نے بھی یہ کہنے سے عار نہ کیا کہ ڈریسنگ روم میں خوف کا ماحول نہیں ہونا چاہئے جہاں کھلاڑی خود کو محفوظ نہ سمجھ رہے ہوں۔

(جاری ہے)

یونس خان کا کہنا تھا کہ عدم تحفظ کے شکار کھلاڑی کس طرح ملک کیلئے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ناکامی کا باعث صرف ایک پہلو ہے کہ ایک وقت میں کئی نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا اور ایک مستحکم کامبی نیشن بننے ہی نہیں دیا جا رہا۔ سابق کپتان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب قومی ٹیم عالمی کرکٹ میں بہترین ٹی ٹوئنٹی سائیڈ سمجھی جاتی تھی لیکن اب کئی ٹیمیں پاکستان کو آسانی سے ہرا دیتی ہیں۔ سابق آل راوٴنڈر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی اس بات کی واضح نشاندہی ہے کہ کوچ ہی اس کے ذمہ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کچھ کہیں گے تو بورڈ یہ سمجھے گا اسے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن اسے کم از کم یہ تو دیکھنا ہی چاہئے کہ حالیہ عرصے میں جو کچھ ہوا اس میں غلطی کس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے لیکن جب کوچ کی جانب سے ایسا نہ کیا جائے تو پھر اچھے نتائج کی توقع کس طرح کی جا سکتی ہے۔