آئندہ سال مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ بہتر بناؤنگا،اعصام الحق

پیر 14 دسمبر 2015 14:29

آئندہ سال مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے رینکنگ بہتر بناؤنگا،اعصام ..

اسلام آباد ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14دسمبر۔2015ء) پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ سال مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی عالمی رینکنگ کو بہتر بناؤنگا، برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے ملک میں انٹرنیشنل مقابلے نہیں ہو رہے تاہم اب پاکستان میں سیکورٹی کے حالات بہتر ہوئے ہیں اس لئے غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات میں10 سال بعد تائیوان کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اعصام الحق نے کہا کہ رواں سال انجریز کی وجہ سے رینکنگ میں تنزلی آئی تھی اور رینکنگ 60 تک پہنچ گئی تھی تاہم امریکہ اور فرانس میں بین الاقوامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے عالمی رینکنگ 35 پر واپس آگئی، انہوں نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی مقابلوں کی تیاری کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے بھرپور تیاری کررہا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ آئندہ سال میری عالمی رینکنگ ٹاپ 10 پر آجائے گی۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی ٹینس سٹار نے کہا کہ پاکستان کا شمار ایشیاء کے ٹاپ ٹیموں میں آتا ہے اور ڈیوس کپ ٹائی میں کامیابی کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر اچھا تاثر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 اولمپکس گیمز میں حصہ نہیں لیا اس مرتبہ برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے ایشئن ٹینس فیڈریشن کے ساتھ رابطے میں ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔