جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ ، قومی انڈر 16 ٹیم کے ٹرائلز 27 دسمبر سے شروع ہونگے

پیر 14 دسمبر 2015 14:29

جونیئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ ، قومی انڈر 16 ٹیم کے ٹرائلز 27 دسمبر ..

اسلام آباد ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14دسمبر۔2015ء) سری لنکا میں آئندہ سال ہونے والے جونےئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے قومی انڈر 16 ٹیم کے ٹرائلز 27 سے30 دسمبر تک سید دلاور عباس پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہونگے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 27 دسمبر تک ٹرائلز میں رپورٹ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرائلز میں سے3 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ ٹرائلز میں رینکنگ کے حوالے سے 6 ٹاپ کھلاڑی جبکہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سے وائلڈ کارڈ کی بنیاد پر ایک ایک کھلاڑی شرکت کرے گا۔ کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ سے دو کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

چاروں کھلاڑی راؤنڈ رابن میچز کھیلیں گے اور ان میں سے تین کھلاڑیوں کی حتمی سلیکشن ہوگی اور چوتھا کھلاڑی سٹینڈ بائی ہوگا۔

رینکنگ کے حساب سے جن چھ کھلاڑیوں کو ٹرائلز کیلئے بلایا گیا ہے ان میں شہزاد محمد علی، نعمان آفتاب، حزیفہ عبدالرحمان، شعیب خان، عاقب عمر اور حمزہ بن رحمان شامل ہیں۔ وائلڈ کارڈ انٹریز کیلئے صوبائی ٹینس ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایج گروپ کے حوالے سے ریجنل ٹرائلز منعقد کرکے بہترین کھلاڑیوں کے نام 15دسمبر تک پاکستان ٹینس فیڈریشن کو بھجوا دیں۔

خالد رحمانی نے بتایا کہ رینکنگ کے حساب سے منتخب ہونے والے چھ کھلاڑیوں کو ریلوے کا اکنامی کلاس کا ٹکٹ، ڈیلی الاؤنس اور رہائش مہیا کی جائے گی جبکہ وائلڈ کارڈ کے حامل کھلاڑیوں کو صرف رہائش دی جائے گی اور اگر انہوں نے دوسرے مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا تو پھر دیگر الاؤنسز بھی دیئے جائیں گے۔ قومی انڈر 16ٹیم سری لنکا میں آئندہ سال ہونے والی جونےئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلوں میں شرکت کرے گی۔ جونےئر ڈیوس کپ پری کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلے آئندہ سال سری لنکا میں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستانی جونےئر ٹیم رنرپ رہی تھی۔