جسٹس سجاد علی شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے ان سے حلف لیا

پیر 14 دسمبر 2015 17:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14دسمبر۔2015ء) جسٹس سجاد علی شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نئے چیف جسٹس سے حلف لیا ،تقریب میں ججز اور وکلاء بھی شریک ہوئے۔ سندھ ہائی کورٹ میں منعقدہ ایک سادہ پر وقار تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے سندھ ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس سجاد علی شاہ سے حلف لے لیا۔

تقریب میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ، ہائی کورٹ کے ججز اورسنئیر وکلا نے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔جسٹس فیصل عرب اسے سے پہلے سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے وہ سپریم کورٹ کے جج مقرر ہو گئے ہیں۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ تمام پالیسیاں جاری رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ جون 2016ء میں دو ہزار زیر التواء مقدمات نمٹا دیئے جائیں گے‘ عدلیہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی‘ سندھ ہائی کورٹ کی زیر تعمیر عمارت میں کام جلد شروع کردیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ کے 24 ویں چیف جسٹس سجاد علی شاہ 14 اگست 1957 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ جسٹس سجاد علی شاہ ان ججز میں شامل ہیں جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا۔ 24 اکتوبر 2005 کو سندھ ہائیکورٹ کے جج کا منصب سنبھالنے والے جسٹس سجاد علی شاہ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔