ایم اے جناح یونیورسٹی میں داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے والدین کے لئے بریفنگ کا انعقاد

ماجو میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونے دی جاتی ہیں،پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب

پیر 14 دسمبر 2015 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) ملک کے ممتاز ماہر تعلیم،جامعہ کراچی اور آئی بی اے کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالوہاب کی سربراہی میں کام کرنے والی محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی( ماجو) میں اس بات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے کہ شہر میں ہونے والی کسی بھی غیر معمولی صورتحال کے دوران جن میں ہڑتالیں، ہنگامہ آرائی، مظاہرے اور ٹریفک جام کے مسائل شامل ہیں یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں بالکل متاثر نہ ہونے پائیں، اس قسم کی صورتحال میں تعلیم حاصل کرنے آنے والے طلباء کی واپسی اور کھانے پینے کا انتظام یونیورسٹی کی جانب سے کیا جاتا ہے ۔

یہ بات ماجو کے کمپیوٹر سائینس کے شعبہ کے چئیرمین احمر عمر نے گزشتہ روز داخلہ کے خواہشمند طلبہ کے والدین کو یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق دی جانے والی ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اس امید پر بھیجتے ہیں کہ وہ جس مضمون کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اس کی تکمیل کے بعد عملی زندگی میں داخل ہوکر متعلقہ شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہر کرسکیں اور ایک کامیاب انسان ثابت ہوں۔

انہوں نے والدین کو بتایا کہ ماجو میں داخلہ لینے والے طلبہ کو تعلیم دینے کی ساتھ ساتھ ان کی اچھی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے تاکہ وہ یہاں سے تعلیم مکمل کرکے جانے کے بعد معاشرے کے لئے ایک مفید اور کار آمد شہری ثابت ہوں اور زندگی کے کسی بھی شعبہ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک اور قوم کا نام بلند کرسکیں۔احمر عمر نے بتایا کہ ماجو میں تعلیمی کیلنڈر پر سختی کے ساتھ عملدرآمد کی بنا پر تمام سییمسٹرز وقت پر شروع ہوتے ہیں اور مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہونے کے علاوہ امتحانات بھی شیڈول کے مطابق منعقد ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ماجو میں طلبہ کی حاضری کا اوسط 95 سے زائید رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر سیمسٹر میں ایک طالب علم کو 6 چھٹیاں کرنے کی اجازت ہوتی ہے اور اس سے زائید چھٹیاں کرنے پر طالب علم امتحانات میں شرکت کا اہل نہیں رہتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دوران تعلیم یونیورسٹی میں طلبہ کو بہتر نظم ونسق کا مظاہرہ کرنے کا پابند بنایا جاتا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر نظم ونسق کی نگرانی کرنے والی کی کمیٹی کی سفارش پر جرمانہ عائید کیا جاتا ہے یاداخلہ بھی منسوخ کردیا جاتا ہے۔انہوں نے کہ کہ ماجو میں مخلوظ نظام تعلیم کے باوجود کلاس روم اور کمپیوٹر لیب میں طالبات کی نشستیں علیحدہ رکھی جاتی ہیں اور انھیں ایک ایسا ماحول فراہم کیا جاتا ہے جس میں آزادانہ طور پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار بلا کسی خوف و خطر کے کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :