ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ اور میونسپل کمشنر نادر خان کاریلوے سوسائٹی سے متصل روڈ اور کچراکنڈی سے نکاسی آب کا معائنہ

یونیورسٹی روڈ کلیئر ہے ، علاقوں میں سے جمع شدہ پانی نکالنے کا کام پمپنگ مشین سے انجام دیا جارہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی

پیر 14 دسمبر 2015 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے کہا کہ بلدیہ شرقی کی ٹیم ہفتے کی رات سے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے یونیورسٹی روڈ اور متصل علاقوں سے نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہے، پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ کو کلیئر کرکے عوام کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیاجبکہ اگلے مرحلے میں متصل علاقوں بالخصوص المصطفی ہسپتال کے عقب میں ریلوے سوسائٹی سے متصل روڈ اور کچرا کنڈی سے نکاسی کا کام تیزی سے جاری ہے اس کے علاوہ متصل نالے کو بھی صاف کرکے نکاسی کے کام کو یقینی بنایا جارہا ہے، ہمارا عملہ دن و رات نکاسی آب کے امور کی انجام دہی کیلئے تگ و دو کررہا ہے اور جلد ہی نکاسی آب کے کام کو مکمل کرلیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر نادر خان اورسپرنٹینڈنگ انجینئر پریم چند کے ہمراہ المصطفی ہسپتال کے عقب میں ریلوے سوسائٹی سے متصل روڈ ، نالے اور کچراکنڈی سے پانی کی نکاسی کے کام کے تفصیلی معائنے کے دوران علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی روڈپرہفتے کے روز پانی کی پائپ لائن پھٹنے کے بعد محکمہ سالڈ ویسٹ اور دیگر متعلقہ عملہ ہفتے کی رات سے تعینات ہو کر نکاسی آب کا کام انجام دے رہا ہے ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے گزشتہ روز ہنگامی دورے کرکے اپنی زیر نگرانی نکاسی آب کے امور کا معائنہ کیا ۔ واضح رہے کہ لائن پھٹنے کے بعد المصطفی ہسپتال کے عقب میں واقع نالہ اوور فلو ہونے کی وجہ سے ریلوے سوسائٹی سے متصل روڈ اور کچراکنڈی میں پانی بھر گیا تھا جسے بلڈوزرز، ٹریکٹر ز، پمپینگ مشین اور دیگر ہیوی مشین کے ذریعے نکالاجا رہا ہے جبکہ پانی نکالنے کا کام برشنگ اور جھاڑو کے ذریعے بھی جاری ہے۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ اور میونسپل کمشنر نادر خان نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں جلد کام مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ عوام اپنی شکا یات کی نشاندہی کے لئے ڈی ایم سی ایسٹ کے مرکزی دفتر کے نمبر 99230355-9پر رابطہ کریں۔اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اقبال احمد، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اعجاز شیخ ، ڈائریکٹر پارکس رضا قائم خانی ، ایکسی این بی اینڈ آر توقیر عباس، ایکسی این ایم اینڈ ای مبین شیخ اور دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :