انصاف کو یقینی بنانے کے لئے پولیس افسران کے لئے قوانین سے آگاہی ضروری ہے، دہشتگردی کے خلاف مؤثر کاورائی کا بین الاقوامی معیار رکھنے پر ایس ایس یو کی کارکردگی قابل تعریف ہے، سابق چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی کا ہیڈکوارٹر کا دورہ، اسپیشل سکیورٹی یونٹ میں افسران و کمانڈوز سے خطاب

پیر 14 دسمبر 2015 22:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 دسمبر۔2015ء) سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس سعیدالزماں صدیقی نے کہاہے کہ عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے سرکاری افسران خاص طور پر پولیس افسران کے لیے قوانین سے آگاہی نہایت ضروری ہے۔وہ پیر کو یہاں اسپیشل سکیورٹی یونٹ میں افسران و کمانڈوز سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرکاری افسران خاص طور پر پولیس افسران و اہلکاروں میں خدمت کے جذبے کو اجاگر کیا جائے تاکہ وہ محنت و لگن کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے فرائض منصبی دلجمعی سے انجام دیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف قوانین بنانے سے انصاف فراہم نہیں ہوجاتا بلکہ قوانین کو ان کی روح کے مطابق عمل کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے ۔ اسی طرح کرپشن ،بدعوانی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف کامیاب جدوجہد کی سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس سعیدالزماں نے زور دے کرپولیس افسران کو کہا کہ وہ بنیادی حقوق کے قوانین سے مکمل آگاہی حاصل کریں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں ۔

کیونکہ قوانین سے واقفیت کے بغیر انصاف کی فراہمی ناممکن ہے۔اے آئی جی سکیورٹی سندھ پولیس مقصود احمد نے یونٹ کی کارکردگی، ملازمین کے سلیکشن و بھرتی کے طریقے کار و افسران واہلکاروں کو فراہم کی جانے والی پیشہ ورانہ تربیت کے بارے میں آگاہ کیا ۔جسٹس سعید الزماں صدیقی نے اسپیشل سیکورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے تمام شعبوں کااے آئی جی مقصود احمد کے ہمراہ تفصیلی دورہ کیا اور ادارے کو معیاری اور کمانڈوز کو جدید طرز پر پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے عمل کو سراہا۔

جسٹس سعید الزماں صدیقی نے بین ا لاقوامی ادارہ یونائیٹڈ کنگڈم ایکریڈیٹیشن سسٹم (اوکاس)برطانیہ کی جانب سے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کو انسداد دہشتگردی کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو بین الاقوامی معیا کا تسلیم کرتے ہوئے آئی ایس او سرٹیفکٹ جاری کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے پولیس کے لئے اعزاز قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ پولیس کے دیگر ادارے بھی انہی خطوط پر استوار کئے جائیں گے۔ جسٹس سعید الزماں صدیقی نے اسپیشل سیکورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے شہداء کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیااور عوام کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر انکی خدمات کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :