2018تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا، تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ہے،منصوبے سے پاکستان کی گیس کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی،تاپی گیس منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،منصوبے سے پاکستان کو 1.3ملین مکعب فٹ گیس ملے گی اور سستی بجلی پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی،وزیراعظم نواز شریف کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 14 دسمبر 2015 23:39

2018تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا، تاپی گیس پائپ لائن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14دسمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ2018تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا، تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ہے،منصوبے سے پاکستان کی گیس کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی،تاپی گیس منصوبہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے،منصوبے سے پاکستان کو 1.3ملین مکعب فٹ گیس ملے گی اور سستی بجلی پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کیلئے ایک گیم چینجر ہے،اس منصوبے سے پاکستان ، افغانستان ، ترکمانستان اور بھارت کو فائدہ ہو گا، منصوبے کی تکمیل سے خطے کے ممالک کی گیس کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ گیس کی کمی کا ہے، تاپی منصوبے کے مکمل ہونے سے پاکستان کا یہ سب سے بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا جبکہ ملکی صنعتی شعبہ بھی ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گیس سے سستی بجلی پیدا کی جائے گی، اگر ملک میں سستی بجلی پیدا ہو گی تو پاکستان میں پاکستانی مصنوعات سستی ہوں گی اور عوام کو سستے داموں ضرورت کی اشیاء ملیں گی۔ نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں اس منصوبے پر کام نہیں کیا گیا، اگر کام کیا جاتا تو آج ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی،لیکن موجودہ حکومت اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے سنجیدہ ہے اور اس منصوبے کو جلد مکمل کئے جانے کی کوشش کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے قبل ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔