ٹی 20 ورلڈ کپ 2016ء کا شیڈول جاری ، فائنل 3 اپریل کو ہوگا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 15 دسمبر 2015 11:49

ٹی 20 ورلڈ کپ 2016ء کا شیڈول جاری ، فائنل 3 اپریل کو ہوگا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔15 دسمبر۔2015ء) ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر10 لیول کے میچز 15 مارچ سے شروع ہوں گے۔ اِس وقت تک سپر 10 میں 8 ٹیمیں منتخب ہو چکی ہیں۔ بقیہ2 ٹیموں کا انتخاب 8 مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے پہلے راوٴنڈ سے ہو گا۔ پہلے راوٴنڈ میں8 مختلف ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں۔ گروپ اے میں بنگلہ دیش، ہالینڈ، آئرلینڈ اور اومان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ بی زمبابوے، اسکاٹ لینڈ، ہانگ کانگ اور افغانستان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ گروپ اے کی فاتح ٹیم سپر10 کے گروپ ٹْو میں شامل کی جائے گی اور گروپ بی کی فاتح کو سپر10 میں گروپ وَن میں رکھا گیا ہے۔ٹی20 ورلڈ کپ کے مرکزی حصے میں 10 ٹیمیں ہوں گی اور یہ دو گروپوں میں تقسیم کر دی گئی ہیں۔ گروپ وَن میں سری لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے علاوہ گروپ بی کی فاتح ٹیم شامل ہے۔

(جاری ہے)

گروپ ٹْو میں انڈیا، پاکستان، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ساتھ گروپ اے کی فاتح ٹیم شامل ہے۔کرکٹ کے مبصرین کا خیال ہے کہ ورلڈ کپ کا گروپ ٹْو انتہائی سخت ہے اور ہر میچ کانٹے دار ہو سکتا ہے۔ مبصرین کے مطابق جو ٹیم جس دِن بہتر کھیلے گی، ٹورنامنٹ کی فاتح ہو گی۔ گروپ وَن سے سیمی فائنل تک کے مرحلے کے لیے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کا بظاہر آغاز8 مارچ سے ہو جائے گا لیکن مرکزی راوٴنڈ کی ابتدا15 مارچ سے ہو گی۔ اِس مرحلے کا پہلا میچ نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان ناگپور شہر میں کھیلا جائے گا۔ مبصرین نے اِسی میچ کو ٹی20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ قرار دیا ہے کیونکہ اِس سے قبل ایک طرح سے کوالیفائنگ راوٴنڈ کے میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان اپنا پہلا میچ گروپ اے کی وِنر سے16 مارچ کو کولکتہ میں کھیلے گا۔

برصغیر پاک و ہند کے روایتی حریفوں کے درمیان میچ19 مارچ کو ہمالیہ کے دامن واقع شہر دھرم شالا میں شیڈیول کیا گیا ہے۔15 مارچ سے شروع ہونے والے میچوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 15 مارچ کو بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ، ناگ پور‘16 مارچ ویسٹ انڈیز بمقابلہ انگلینڈ، ممبئی جبکہ پاکستان بمقابلہ گروپ اے ونر کے درمیان کولکتہ میں ہوگا17 مارچ سری لنکا بمقابلہ گروپ بی ونر، کولکتہ18 مارچ آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈ، دھرم شالا جبکہ جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، ممبئی19 مارچ بھارت بمقابلہ پاکستان، دھرم شالا20 مارچ جنوبی افریقہ بمقابلہ گروپ بی ونر، ممبئی جبکہ سری لنکا بمقابلہ ویسٹ انڈیز، بنگلور 21 مارچ آسٹریلیا بمقابلہ گروپ اے ونر، بنگالْورو22 مارچ نیوزی لینڈ بمقابلہ پاکستان، موہالی23 مارچ انگلینڈ گروپ بی ونر، نئی دہلی جبکہ انڈیا بمقابلہ گروپ بی ونر، بنگالْورو25 مارچ پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، موہالی جبکہ انگلینڈ بمقابلہ سری لنکا، نئی دہلی26 مارچ نیوزی لینڈ بمقابلہ گروپ اے ونر، کولکتہ جبکہ ویسٹ انڈیز بمقابلہ گروپ بی ونر، نئی دہلی27 مارچ بھارت بمقابلہ آسٹریلیا، موہالی جبکہ ویسٹ انڈیز بمقابلہ گروپ بی ونر، ناگ پور اور28 مارچ کو جنوبی افریقہ بمقابلہ سری لنکا میچ نئی دہلی کھیلا جائے گا ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے کے دو میچ30 اور 31 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔

ایک سیمی فائنل نئی دہلی اور دوسرا میچ ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ کولکتہ میں3 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن سری لنکا ہے۔ خواتین کا ٹی 20 ورلڈ کپ بھی انہی تاریخوں میں منعقد کیا جائے گا۔