بہتر ہے کہ تاشفین ملک کے معاملے پر سعودی عرب سے رابطہ کیا جائے ، وزارت داخلہ پاکستان نے امریکی حکام کو واضح کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 15 دسمبر 2015 11:55

بہتر ہے کہ تاشفین ملک کے معاملے پر سعودی عرب سے رابطہ کیا جائے ، وزارت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 15دسمبر 2015 ء) :وزارت داخلہ پاکستان نے تاشفین ملک کے معاملے پر امریکی حکام کو سعودی عرب سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق کیلی فورنیا شیرف ڈیپارٹمنٹ کے افسر جان کروکر نے لاس اینجلس میں ڈپٹی قونصل جنرل آف پاکستان قمر عباس کھوکھر کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ تاشفین ملک کی تدفین کرنا ہے، امریکی قانون کے تحت تدفین کے دوران کسی قریبی عزیز کا موجود ہونا لازمی ہے لہٰذا پاکستان سے تاشفین ملک کے کسی قریبی عزیز کی نامزدگی کر ے شرکت کے لیے بلایا جائے ۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی قونصل جنرل نے امریکی حکام کا خط وزارت خارجہ کو بھیجا جو اس سے متعلق فیصلہ کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو ارسال کر دیا گیا ۔ نجی اخبار کے رپورٹر کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر امریکی حکام کو جواب دیا گیا کہ تاشفین ملک کا کوئی قریبی عزیز پاکستان میں موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جوابی مراسلے میں وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکام اس ضمن میں سعودی عرب سے رابطہ کریں کیونکہ تاشفین ملک کے اہل خانہ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ اس فیصلے کے ساتھ ہی وزارت داخلہ نے امریکی حکام کی تاشفین ملک کا تعلق پاکستان سے جوڑنے کی کوشش کو ناکامی کا راستہ دکھا دیا۔ واضح رہے کہ تاشفین ملک کیلی فورنیا فائرنگ واقعہ میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئی تھی۔