ایس ایم منیر کیلئے دیئے گئے فیصلے کی غلط تشریح کرکے انکے خلاف خبریں شائع کرانے والوں کے خلاف ایکشن لے ،یونائیٹڈ بزنس گروپ

منگل 15 دسمبر 2015 16:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء)یونائٹیڈ بزنس مین گروپ کے ترجمان گلزار فیروزنے فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کے رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کو توڑ مروڑ کرپیش کرکے بزنس کمیونٹی کو گمراہ کرنے اورتاجر برادری کی محبوب ترین شخصیت ایس ایم منیر کو بدنام کرنے کے عمل کو عدالت عالیہ کے احکامات کے برخلا ف قرار دیتے ہوئے کہا کہ "اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح طور پر صرف یہ کہا ہے کہ ایس ایم منیرچیف ایگزیکٹو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے عہدے کو فیڈریشن الیکشن میں استعمال نہیں کرسکتے اور نہ ہی وہ اس الیکشن میں ٹڈاپ کے فنڈ زکو استعمال کرسکتے ہیں"لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کافیڈریشن الیکشن میں حصہ لینے والے گزشتہ سال کے ناکام ترین گروپ بزنس مین پینل کے بعض اراکین نے اپنی مرضی کاغلط مطلب نکال کراوراخبارات میں ایس ایم منیر کے خلاف عدالت عالیہ کے آرڈرکی آڑمیں غلط اورجھوٹی خبر شائع کرائیں ،عدلیہ جھوٹی خبریں شائع کرانے پر شیخ منظر عالم اور میاں زاہد حسین سمیت بزنس مین پینل کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایکشن لے اور توہین عدالت کی کاروائی کرے ۔

(جاری ہے)

یونائٹیڈ بزنس مین گروپ کے ترجمان نے کہا کہ فیڈریشن الیکشن میں اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کو توڑ مروڑ کرپیش کرکے بزنس کمیونٹی کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے،ہم عدلیہ کے حکم کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈرپر 100فیصد عمل کریں گے لیکن عدلیہ اپنے احکامات کی غلط اور اپنی مرضی کی تشریح کرنے والوں کے خلاف فوری نوٹس لے۔

گلزار فیروز نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایم منیر کوصرف ایف پی سی سی آئی الیکشن میں چیف ایگزیکٹو ٹڈاپ کا منصب استعمال کرنے اور وہاں کا فنڈ استعمال کرنے سے روکا ہے اور مجھ سمیت پاکستان بھر کی90فیصد بزنس کمیونٹی یہ جانتی اور اعتراف کرتی ہے کہ ایس ایم منیر جو ملک کو اربوں روپے ٹیکس ادا کرتے ہیں اورانکا شمار پاکستان کے بڑے ایکسپورٹرزمیں ہوتا ہے ،انہوں نے کبھی ٹی ڈی اے پی سے ایک پیسہ اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نے اس سے قبل بھی فیڈریشن الیکشن کی کسی بھی تقریب میں کبھی بھی بطور سی ای او ٹڈاپ نہ ہی فنڈ ریزنگ کیلئے کسی کو کہا اورنہ کسی بھی ممبر سے بحیثیت سی ای او ٹڈاپ فیڈریشن الیکشن کیلئے ووٹ مانگا۔گلزار فیروزنے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایم منیر پر بطورسرپرست اعلیٰ یونائٹیڈ بزنس گروپ کسی تقریب میں شرکت پر پابندی عائد نہیں کی ہے، ایس ایم منیر قانون اور عدلیہ کے احکامات کا احترام کرتے ہیں لیکن جو افراد عدلیہ کی آڑ میں خلاف قانون بیانات دے رہے ہیں ان کے خلاف عدلیہ فوری ایکشن لے ۔

گلزار فیروزنے کہا کہ فیڈریشن میں اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کے رہنماؤں کے من گھڑت بیانات پر ملک بھر کی بزنس کمیونٹی انکے چہرے پہچان چکی ہے لیکن یو بی جی کے لیڈران مخالفین کی طرح اوچھے بیانات نہیں دیں گے۔گلزار فیروز نے بزنس مین پینل کی بچی کھچی قیادت کو متنبہ کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ بزنس مین پینل صرف الیکشن میں حصہ لے اور ذاتیات پر حملے نہ کرے ورنہ انہیں یو بی جی کی جانب سے بھی بھرپور جواب مل سکتا ہے اور ویسے بھی 30میں بزنس مین پینل کا وجود فیڈریشن سے ختم ہوجائے گا۔