ربیع الاول کے موقع پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات جلد از جلد مکمل کئے جائیں ،ایڈمنسٹریٹربلدیہ غربی

منگل 15 دسمبر 2015 18:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء)ایڈمنسٹریٹر بلدیہ غربی سجاد احمد میمن نے کہاہے کہ ربیع الاول کے موقع پرمساجد کے اطراف اور جلوس کی گزرگاہوں کے ساتھ ساتھ ان تمام مقامات پر جہاں محافل میلاد ،نعت خوانی کے اجتماعات منعقد کئے جارہے ہوں وہاں صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات جلد از جلد مکمل کئے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر اشفاق احمد ملاح کے ہمراہ اورنگی زون میں جاری صفائی ستھرائی کے کام کامعائینہ کرتے ہوئے کیا انہوں نے موقع پرموجود افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح ا نتظامیہ نے قومی و مذہبی تہواروں پر بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کیا اسی طرح وہ ماہ ربیع الاول میں اپنی کارکردگی کو برقرار رکھیں انہوں نے محکمہ سنیٹشن کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے خصوصا ً مساجد کے اطراف اور ان مقامات پر جہاں محفل میلاد ،نعت خوانی یااس حوالہ سے دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہاہو صفائی ستھرائی اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے محکمہ الیکٹرک کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مساجد اور جلوس کی گزرگاہوں پر روشنی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں محکمہ انجنئیرنگ کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جلوس کی گزرگاہوں پر استر کاری اور د یگر ضروری نوعیت کے کام بھی جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں موقع پر موجود تمام محکمہ جاتی افسران نے ایڈمنسٹریٹر کو یقین دلا یا کہ جس طرح محرم الحرام میں دن رات جدوجہد کے زریعہ انہوں نے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا تھا اسی طرح ماہ ربیع الاول میں سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنا ئیں گے ۔