وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کے غریب مریضوں کیلئے صحت سہولت پروگرام کے تحت ہیلتھ انشورنس سکیم کا افتتاح کر دیا

سکیم کے تحت صوبے کے چار اضلاع میں ضرورت مندغریب مریضوں کو ہسپتال کے اخراجات کیلئے سالانہ 25ہزار روپے ادا کئے جائینگے

منگل 15 دسمبر 2015 20:49

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے کے غریب مریضوں کیلئے صحت سہولت پروگرام ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے کے غریب مریضوں کو ان کے علاج کے اخراجات کی ادائیگی کیلئے "صحت سہولت پروگرام''کے تحت ہیلتھ انشورنس سکیم کا افتتاح کر دیا ہے جو جرمن ادارے کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے شروع کی گئی ہے۔ سکیم کے تحت صوبے کے چار اضلاع میں ضرورت مندغریب مریضوں کو ہسپتال کے اخراجات کیلئے سالانہ 25ہزار روپے ادا کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کا سب سے پہلا ہیلتھ انشورنس کارڈ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مردان کے ایک ضرورت مند مریض کو پیش کر دیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے ہیلتھ انشورنس سکیم کو صوبے کے تمام اضلاع تک وسعت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

منگل کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں صحت سہولت پروگرام کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ صحت سہولت پروگرام خیبر پختونخوا میں تبدیلی کی جانب ایک اور اہم قدم ہے اور خیبر پختونخوا کی حکومت اس پروگرام میں تعاون پر جرمنی کی حکومت اور جرمن ادارے کے ایف ڈبلیو کی مشکور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام گزشتہ 60سالوں سے ملک کے مکمل اور خوشحال ہونے کی امیدیں لگائے بیٹھے ہیں لیکن افسوس کہ یہ امیدیں آج تک پوری نہیں ہو سکیں جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج ہم ان ممالک کے طور طریقے سیکھنے پر مجبور ہو گئے ہیں جو کبھی ہماری تقلید کیا کرتے تھے۔

وزیراعلیٰ نے صحت کے شعبے میں کی گئی اصلاحات اور سہولیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوام اور غریبوں کے حقوق اور فلاح کیلئے جو اقدامات آج اٹھا رہی ہے وہ بہت پہلے شروع کر دیئے جاتے تو ملک آج ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی، وفاقی جمہوریہ جرمنی کی سفیر اینا لیپیل، کے ایف ڈبلیو کے ڈائریکٹر، سٹیٹ لائف انشورنس کی چیئرپرسن اورصوبائی سیکرٹری صحت نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صحت کی خدمات سے وابستہ عملے کی فرائض میں عدم دلچسپی پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مردان کے ایک ہسپتال میں صوبائی وزیر کے اچانک دورے کے موقع پر ہسپتال میں عملے کے تمام 57ارکان کو غیر حاضر پایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کے رویوں کے عادی عناصر اپنے ملک کے ساتھ انصاف بالکل نہیں کر رہے اور نہ ہی وہ دکھی انسانیت کو اس کا حق دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے صحت اور دوسرے شعبوں کے سرکاری ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملک کو تبدیل کرنے کیلئے سب سے پہلے خود کو تبدیل کرنا ہوگا اور اپنے گریبانوں میں جھانکنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت صوبے کے دو لاکھ مریضوں کی ادویات کی ضروریات سو فیصد پوری کرنے پر بھی جرمن ادارے کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ کے ایف ڈبلیو رواں ماہ میں ختم ہونے والے اس پروگرام میں توسیع پر بھی غور کرے گا جس کیلئے صوبائی حکومت تمام ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کی اصلاحات کا بھی ذکر کیا اور صحت سہولیات پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت پر جرمن سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے میں صحت کی سہولیات کی حالت بہتر بنانے کیلئے جرمنی کی حکومت خیبر پختونخوا حکومت سے تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :