24 برتنوں کا ایک عام ڈنر سیٹ پہنچانے کے لیے خصوصی وین کی خدمات، دلچسپ وجہ

muhammad ali محمد علی منگل 15 دسمبر 2015 23:24

24 برتنوں کا ایک عام ڈنر سیٹ پہنچانے کے لیے خصوصی وین کی خدمات، دلچسپ ..
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.15دسمبر 2015 ء) ذرائع کا بے جا استعمال کوئی ٹیسکو(Tesco) سے سیکھے۔ٹیسکو گروسری اور دوسری بہت سی اشیاء فروخت کرنے والی ایک برطانوی ملٹی نیشنل کمپنی ہے ۔ ٹیسکو سے ایک فیملی نے 24 برتنوں کا ایک ڈنر سیٹ خریدا تو کمپنی نے اسے 48 چھوٹے اور بڑے ڈبوں میں پیک کر کے بھجوایا۔ جوان اور بلی مرفی گریٹر مانچسٹر کے رہائشی ہیں۔

انہوں نے 24 اشیاء پر مشتمل ایک ڈنر سیٹ کا آرڈر دیا۔ٹیسکو کو شاید ڈنر سیٹ کی حفاظت کا کچھ زیادہ ہی خیال آ گیا ۔ ٹیسکو نے ہر برتن کو گتے کے دو ڈبوں میں پیک کیا۔ چھوٹے ڈبے میں برتن تھا اور پھر یہ چھوٹا ڈبہ ایک بڑے ڈبے میں رکھاتھا۔جوان اور بلی کو اپنا آرڈر پہلے ہی 14 دن کی تاخیر سے ملا تھا اس پر اتنی زیادہ پیکنگ کے باوجود بھی 5 برتن ٹوٹ گئے۔

(جاری ہے)

فیملی کا کہنا ہے کہ پلیٹیں، باؤل اور مگ نکالنے کے بعد کمرے میں پیکنگ کے ڈبوں کی وجہ سے کھڑے ہونے کی بھی جگہ نہ رہی۔جوان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے گھر کا دروازہ بجایا، جب میں باہر نکلی تو مجھ سے پوچھا کیا میں نے بہت زیادہ چیزیں منگوائی ہے۔جوان نے جواب دیا کہ نہیں میں نے تو صرف چند برتن منگوائے ہیں اس پر ڈرائیور بولا میں تو پوری وین بھر کر سامان لایا ہوں۔

ڈرائیور کا کہنا تھا کہ پہلے میں سمجھا شاید مجھے گودام میں مال کو واپسی رکھنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔جوان نے ٹیسکو کے فیس بک پیج پر کہا ہے کہ ایک دن کے اندر اندر اگر انہوں نے آکر اس کے گھر سے خالی ڈبے نہ اٹھائے تو وہ انہیں اٹھا کر ٹیسکو کے سٹور کے سامنے پھینک دے گی۔ جوان کی وارننگ کے باوجود کوئی بھی خالی ڈبے اٹھانے نہ آیا۔ ٹیسکو کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک غلطی کی وجہ سے ہوا ہے، ہم نے مستقبل میں ایسی کسی غلطی سے بچنے کے لیے اقدامات کر لیے ہیں۔جوان کا کہنا ہے کہ ٹیسکو کی اس غلطی کا ایک فائدہ یہ ہوا کہ اس کے بچے بہت خوش ہے، وہ خالی ڈبوں کے گھر بنا کر اور ڈبوں کو لاتیں مار کر خوش ہو رہے ہیں۔