سیف گیمز کی تیاری، ہینڈبال کے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کیلئے ویٹ ٹریننگ

بدھ 16 دسمبر 2015 12:21

سیف گیمز کی تیاری، ہینڈبال کے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کیلئے ویٹ ٹریننگ

اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16دسمبر۔2015ء)پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں ہینڈبال ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گذشتہ روز جناح فٹنس سنیٹر میں فزیکل فٹنس کیلئے ویٹ ٹریننگ کی۔ قومی ہینڈبال ٹیم کوچ رانا اظہار الحق اور اسسٹنٹ کوچ مرزا سلطان محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑیوں میں محمد عزیر عاطف، محمد زبیر، زاہد علی، حضرت حسین، آصف علی، نویدالرحمن، عاصم سعید، شہزاد طارق، عثمان انجم، آصف حیات، محمد نواز، شاہروز، ذاکر حسین، مبین اشرف، محمد شاہد پرویز، رحمت شاہ، خرم شہزاد، عمران خان، طاہر علی اور عاطف علی شامل ہیں۔

کوچ رانا اظہارالحق نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ہفتہ میں تین دن جم میں ویٹ ٹریننگ دی جاتی ہے اور اس کے علاوہ صبح و شام فزیکل ٹریننگ لیاقت جمنازیم میں دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم سیف گیمز کیلئے مضبوط تیار کی جا رہی ہے کیونکہ فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 2010ء میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے سیف گیمز میں پہلی بار شرکت کی، جس کے فائنل میں قومی ٹیم نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ٹیم آئندہ برس فروری میں بھارت میں کھیلے جانے والے سیف گیمز میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کیلئے پر عزم ہے، اس موقع پر موجود جناح فٹنس سنٹر کے انچارج انصر عباس نے بتایا کہ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپ جاری ہیں اور ہر ٹیم کے کھلاڑی اپنے، اپنے مقررہ دن ویٹ ٹریننگ کرنے کیلئے آتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انصر عباس نے بتایا کہ سنٹر میں تمام مشینری درست ہے اور کھلاڑی اس سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہیں۔