900 سے زائد فلمیں مکمل کر نے والا فلم انڈسٹری کا بڑا اور واحد فنکار ہوں ‘ شفقت چیمہ

بدھ 16 دسمبر 2015 13:01

900 سے زائد فلمیں مکمل کر نے والا فلم انڈسٹری کا بڑا اور واحد فنکار ہوں ..

لاہور /مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ میں 900 سے زائد فلمیں مکمل کر نے والا فلم انڈسٹری کا بڑا اور واحد فنکار ہوں ، ہمار ی شوبز انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت ہے مگر بد قسمتی سے حکومت شوبز انڈسٹری کو سپورٹ نہیں کرتی ، اگر حکومت سپورٹ کرے تو ہم بھارت سے بہتر اور معیاری فلمیں بنا سکتے ہیں ، پاکستانی سینماوٴں میں بھارتی فلموں کی بھرمار ایک مخصوص مافیہ کے ذریعے ہے جو اپنے مفادات کی خاطر یہاں سینماوٴں میں بھارتی فلموں کو لگاتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ۔ شفقت چیمہ نے کہاکہ مجھے سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ اگر تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان ذاتی طور پر بھی مجھے اپنی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں تو میں ہرگز شریک نہیں ہوں گا کیونکہ میری ساری ہمدردیاں میاں نواز شریف فیملی کے ساتھ ہیں ۔

میں نے اور میاں نواز شریف نے ایک پلیٹ میں اکٹھے کھانا کھایا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جہاں بھارت میں اپنی فلم انڈسٹری کو بھر پور سپورٹ کی جا تی ہے ہمیں یہاں تھانے میں شوٹنگ کیلئے بھی ایس ایچ او کی اجازت لینے کیلئے بڑی مشکل پیش آتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ میں قرآن پاک کا حافظ بھی ہوں قرآن پاک میں نے ترجمہ و تفسیر کے ساتھ پڑھا ہوا ہے اور میں ایک بہترین نعت خواں بھی ہوں۔

شفقت چیمہ نے مزید کہا کہ سانحہ پشاور جہاں آرمی سکول میں معصوم بچوں کو سفاک دہشت گردوں نے شہید کیا میرا آج بھی دل اُس واقعہ کو یاد کر کے خون کے آنسو روتا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ فنکار کراچی میں مکمل امن و امان کے خواہش مند ہیں اور ہم کراچی میں رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشن کو مکمل سپورٹ کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :