غیر معیاری سلنڈر استعمال کر نے کے خلاف کارروائی ہوگی، کمشنر کراچی

اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹریفک پولیس مل کر کارروائی کریں گے، آرٹی اے بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ

بدھ 16 دسمبر 2015 19:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) اسکول گاڑیوں سمیت پبلک سروس گاڑیوں میں غیر محفوظ و غیر معیاری سلنڈر اور دھواں دینے والی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کی جائے گی۔ استعمال ہونے والے غیر میعاری و غیر محفوظ سلنڈ رضبط کر لئے جائیں گے ۔ تمام اسسٹنٹ کمشنر ز اپنے اپنے علاقوں میں ٹریفک پولیس کے تعاون سے مہم شروع کریں گے مہم میں پبلک سروس گاڑیوں کی فٹنیس کو بھی چیک کیا جا ئے گا جو گاڑیاں مطلوبہ معیار اور تقاضوں کے مطابق نہیں ہوں گی ان کے پرمٹس منسوخ کر دئے جائیں گے۔

اس بات کا فیصلہ بدھ کو ریجنل ٹرانسپورٹ اتھار ٹی بورڈ کے چئیرمین کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں ہونے والے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ۔اجلا س میں سیکریٹری آرٹی اے منشاد شاہانی ،ٹریفک پویس اور ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کے افسران نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر معیاری سلنڈر کے خلاف مہم کو موثر بنانے کے لئے سیکریٹری آرٹی اے ترجیحی اقدامات کریں گے ۔

سیکریٹری آرٹی اے منشاد شاہانی فوری طور پر مہم کا شیڈول جاری کریں گے۔کمشنر نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ سہولتوں میں اضافہ کیلئے نجی شعبہ کو متوجہ کر نے کی ضرورت ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری آرٹی اے ایک خط کے ذریعے محکمہ ٹرانسپورٹ کی توجہ دلائیں گے ۔تاکہ نجی شعبہ کو ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں دلچسپی لینے کے سلسلہ میں توجہ دلانے کے لئے اقدامات کئے جاسکیں اجلاس میں مختف روٹس کی اجازت دی جبکہ بعض روٹس میں تبدیلی کی منظوری دی ۔

منی بس روٹ Z-2گلشن غازی تا مہران ٹاؤن شریف آباد میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔جبکہ منی بس روٹ S-6 میں کھوکھرا پار غریب آباد تا قیوم آباد جانے کی منظوری دی گئی شہریوں کی سہولت کے پیش نظر داتا کوچ کے روٹ میں تبدیلی کی منظوری دی گئی ۔ ناردرن بائی پاس سیکٹر -51- لیاری تیسر ٹاؤن تا کورنگی 100 کوارٹر کی منظوری دی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ بورڈ کا ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس ہو گا تاکہ شہر میں ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے حل کے بارے میں تجاویز پرغور کیا جا سکے ۔بورڈ کا اگلا اجلاس جنوری کو ہوگا۔

متعلقہ عنوان :