سندھ اسمبلی میں شمعیں روشن کرکے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت کیا گیا

تقریب میں سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر آغا سراج درانی سمیت صوبائی وزراء اور پیپلز پارٹی کے مرد و خواتین ایم پی ایز

بدھ 16 دسمبر 2015 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں شمعیں روشن کرکے آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت کیا گیا، شمعیں روشن کرنے کی تقریب بدھ کو سندھ اسمبلی کے احاطے میں ہوئی جس میں سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر آغا سراج درانی سمیت صوبائی وزراء اور پیپلز پارٹی کے مرد و خواتین ایم پی ایز نے شرکت کی ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نثار احمد کھورو نے کہا کہ 16دسمبر کا سانحہ تاریخ کا یوم سیاہ ہے اور اس سانحے میں آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 16دسمبرکا دن ہر سال خراج عقیدت کے طور پرمنایا جائے گا، اور سندھ میں تعلیمی اداروں کی لائیبرریوں کو سانحے کے شہدا کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلہ پست نہیں کر سکتی، اور نہ ہی ہمیں آگے بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ تعلیم اور قلم کی طاقت سے دہشتگردی اور دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا قوم کے معماروں پر یہ حملہ بزدلانہ کارروائی تھی تا ہم شہداء کا خون رائیگان نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور قوم کے اس عزم کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :