بھارت کی چودہ ریاستو ں کے لوگ میرے ساتھ پاکستان آئے ہمیں سات روزہ قیام میں وہ عزت اور پیار ملا جسکی کوئی مثال نہیں ملتی ‘شیو پرتاب بجاج

یاتریوں کی خدمت میرا دینی اور آئینی فرض ہے ،پوری دنیا پاک بھارت دوستی چاہتی ہے اور امید ہے اس میں مایوسی نہیں ہو گی‘صدیق الفاروق

بدھ 16 دسمبر 2015 21:14

بھارت کی چودہ ریاستو ں کے لوگ میرے ساتھ پاکستان آئے ہمیں سات روزہ قیام ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) بھارت سے سری کٹاس راج مندر چکوال میں مذہبی رسومات ادا کرنے آئے ہندو یاتریوں کے پارٹی لیڈر شیو پرتاب بجاج نے کہا ہے کہ بھارت کی چودہ ریاستو ں کے لوگ میرے ساتھ پاکستان آئے تھے اور ہم نے اپنے سات روزہ قیام میں وہ عزت اور پیار پایا جسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور ہمیں سیکورٹی ،رہائش ،ٹرانسپورٹ ،میڈیکل سمیت تمام وی آئی پی سہولیات دی گئیں جس پر ہم حکومت پاکستان اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق کے شکر گزار ہیں اور میں اپنے وطن بھارت جا کر پریس کانفرنس کر کے یہاں ملنے والے پیار اور عبادت گاہوں کی تعمیر و ترقی بارے ضرور بتلاؤں گا ،ہم سنہری یادوں اور امن اور دوستی کا پیغام لیکر واپس جا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت روانگی سے قبل واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاورق نے کہا کہ یاتریوں کی خدمت میرا دینی اور آئینی فرض ہے ،پوری دنیا پاک بھارت دوستی چاہتی ہے اور امید ہے اس میں مایوسی نہیں ہو گی انہوں نے کہا کہ محبت سے دل جیتے جاتے ہیں جنگ سے نہیں اور دونوں ملک جنگ نہیں چاہتے پاک بھارت تعلقات پیار اور محبت کے راستوں پر چل نکلے ہیں جنکی وجہ سے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی جسکا برائے راست فائدہ دونوں ممالک کی عوام کو ہو گا انہوں نے بتایا کہ یاتریوں کی رہائش کے لیے اگر وال آشرم میں رہائشی فلور تعمیر کیا جائے گا جبکہ آئندہ سال کٹال راج مندر چکوال چار گنا بہتر اور خوبصورت ہو جائے گا میں اپنی معاونت پر وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور دیگر اداروں کے سربراہان کا خصوصی شکر گزار ہوں ۔

ڈپٹی پارٹی لیڈر ستیش کمار ،راجیش سیٹھی ،خواتین،سیما ، پونم رام ،سالنی ،سمیت دیگر یاتریوں نے بھی اعلی انتظامات پر حکومت اور بورڈ انتظامیہ کا خصوصی الفاظ میں شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں آکر بہت اچھا لگا اور اپنا پن محسوس ہوا ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیاں سرحدوں کے فاصلے ختم ہو ں اور ہمارا آنا جانا لگا رہے آخر میں چیئرمین بورڈ صدیق الفاور ق نے مہمانوں میں پھولوں کے گلدستے اور خصوصی تصاویر کی البم سمیت دیگر تحائف دیگر نیک تمناؤں اور دعاؤں سے ساتھ الوداع کیا جبکہ یاتریوں نے پاک بھارت دوستی زندہ آباد کے نعرے بلند کرتے ہوئے اپنے وطن روانہ ہوئے ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز خالد علی ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،سید فراز عباس ،گلریز چوہدری ،یاسر اکرم و دیگر افسران بھی واہگہ بارڈر پر چیئر مین کے ہمراہ موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :