سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران 9 سرکاری بلز متعارف کرا دیئے

بدھ 16 دسمبر 2015 22:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) سندھ اسمبلی میں بدھ کو اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران 9 سرکاری بلز متعارف کرا دیئے گئے ۔ ان میں ایک سوسائٹیز رجسٹریشن ( سندھ ترمیمی ) بل 2015 ء بھی شامل ہے ۔ یہ بل منظور ہونے کے بعد صوبے میں رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے والے دینی مدارس کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ محکمہ داخلہ سندھ ، متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے نوآبجیکشن سرٹیفکیٹس ( این او سی ) بھی پیش کریں ۔

(جاری ہے)

دوسرا بل سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2015 ہے ، جس کے تحت شہید بے نظیر آباد میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن قائم کیا جائے گا ۔ دیگر بلز میں جبری مشقت کے خاتمے کا بل 2015 ، ویجز کی ادائیگی کا بل 2015 ، سندھ فیکٹریز بل 2015 ، سندھ ٹرمز آف ایمپلائمنٹ ( اسٹینڈنگ آرڈرز ) بل 2015 ، سندھ ورکر کمپنسیشن بل 2015 ، کمپنیز کے منافع میں کارکنوں کے حصے سے متعلق بل 2015 اور پراونشل موٹر وہیکل ترمیمی بل 2015 شامل ہیں ۔ بعد ازاں اسپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :