کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین کو عید الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری

بدھ 16 دسمبر 2015 22:37

کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین کو عید الاؤنس دینے کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 دسمبر۔2015ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے مطالبے پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین (سکیل نمبر01تا سکیل نمبر16نان گزیٹیڈ) کے لیے عید الاؤنس ایک بنیادی تنخواہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔نوٹیفیکیشن کے تحت 21دسمبر 2015ء کو تمام مسیحی ملازمین بشمول ڈیلی ویجزاور کنٹریکٹ ملازمین کو عیدبونس ،ماہا نہ تنخواہ اور ریٹائرڑ ملازمین کو پنشن ادا کی جائے گی،عید الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی مسیحی ملازمین کثیر تعداد میں مرکزی یونین آفس میں جمع ہو گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین(سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسیٰن نے چیئرمین سی ڈی اے محمد معروف افضل ،ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی بی اے کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت انتظامیہ جہاں مسلمان ملازمین کو عیدالاضحی اور عید الفطر پر عید الاؤنس دیتی ہے وہاں کرسمس اور ایسٹر کے تہوار پر مسیحی ملازمین کو عیدالاؤنس دیا جاتا ہے ، اس سے یقینا سی ڈی اے کے غریب ملازمین کی خوشیوں میں اضافہ ہو گا اور اس مہنگائی کے دور میں بہتر انداز میں اپنا مذہبی تہوار منا سکیں گے، بلا شبہ سی ڈی اے مزدوریونین نے اپنے وعدے کے مطابق ہمیشہ رنگ ،نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر مزدوروں کی بلا تفریق خدمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :