کراچی،اسسٹنٹ جیلر نے منصف بن کر سنٹرل جیل سے چار دہشتگردوں کو رہا کر دیا

جمعرات 17 دسمبر 2015 11:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء ) کراچی میں اسسٹنٹ جیلر نے منصف بن کر سنٹرل جیل سے چار دہشتگردوں کو رہا کر دیا، شہریوں کے مبینہ تشدد سے ڈاکو ہلاک ہو گیا، پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیوں میں 2 گینگ وار کے کارندوں سمیت 6 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ بلال کالونی میں ڈاکووٴں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا۔

واقعہ کے بعد شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق شہریوں کے تشدد سے ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔ ڈاکو کو شہریوں نے جلانے کی بھی کوشش کی۔ پریڈی پولیس نے کارروائی کر کے 2 گینگ وار کے کارندے زخمی حالت میں گرفتارکر لئے۔ ڈیفنس میں 2 مختلف کارروائیاں میں 4 ڈاکووٴں کو گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ساوٴتھ ڈاکٹر فاروق احمد کے مطابق گرفتار ملزموں سے 4 پستولیں برآمد ہوئی ہیں۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ کلفٹن میں پولیس نے کارروائی کرکے پولیس اہلکار سمیت دو ملزموں کو گرفتار کرلیا جبکہ قیدیوں کو رہا کرنے پر سینٹرل جیل کے اسٹنٹ جیلر اور کلرک خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ کراچی کے علاقے کلفٹن میں زم زمہ سٹریٹ پر پولیس نے کارروائی کرکے ٹریفک پولیس اہلکار سمیت دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بخت علی اور اس کے ساتھی کے قبضے سے جعلی ڈرائیونگ لائسنز اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق دوسری جانب بلدیہ سعید آباد سے گرفتار کئے جانے والے چار دہشتگردوں کو سینٹرل جیل سے رہا کرنے پر سینٹرل جیل کے اسٹنٹ جیلر کمال حسین اور کلرک ظفر کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں چار دہشتگردوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :