ورلڈ ٹی ٹونٹی، ایونٹ کے آدھے میچز کی میزبانی بی سی سی آئی صدر، سیکریٹری کے شہروں کو دیدی گئیں

جمعرات 17 دسمبر 2015 12:20

ورلڈ ٹی ٹونٹی، ایونٹ کے آدھے میچز کی میزبانی بی سی سی آئی صدر، سیکریٹری ..

نئی دہلی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار17دسمبر- 2015ء) اگلے سال مارچ اپریل میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کی من مانیاں عروج پر پہنچی ہوئی ہیں اور میگا ایونٹ کے 35 میں سے 17 میچز کی میزبانی صدر اور سیکریٹری کے شہر ناگپور اور دھرم شالہ کو دے دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اندھا بانٹے ریڑی اپنوں اپنوں کو کا محاورہ سچا ثابت کرنا شروع کر دیا ہے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میگا ایونٹ کے 35 میں سے 17 میچز کی میزبانی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر اور سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کے شہروں کو دے دیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے صدر کے ہوم ٹاؤن ناگپور میں نو میچز کھیلے جائیں گے جب کہ انوراگ ٹھاکر کا شہر دھرم شالہ آٹھ میچز کی میزبانی کرے گا جس میں اگلے سال شیڈول ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا پاکستان اور بھارت کا میچ بھی شامل ہے ، مذکورہ سٹیڈیم میں محض 23000 تماشائیوں کی گنجائش ہے جب کہ بھارت میں اس سے زیادہ بڑے سٹیڈیم بھی موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے دیگر 18 میچز کی میزبانی ممبئی ، کلکتہ ، دہلی ، چندی گڑھ اور بنگلور مل کر کریں گے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف شہروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے بی سی سی آئی کے اس اقدام کے باعث ان پر شدید تنقید کی جا رہی ہے ۔