فیڈریشن کے وسائل لوٹنے والا بزنس مین پینل ٹولہ دوبارہ بزنس کمیونٹی کو بے وقوف بنارہا ہے،تاجررہنماء

یو بی جی لیڈران ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کے خلاف غیرمہذب زبان برادشت نہیں کرینگے،منیرسلطان،سمیع خان،مہتاب چاؤلہ،دانش خان

جمعرات 17 دسمبر 2015 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء)ملک کے معروف تاجررہنماؤں اوریونائٹیڈ بزنس گروپ سندھ کورکمیٹی کے ممبرمنیرسلطان،سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین مہتاب الدین چاؤلہ ،آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان اور پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین دانش خان نے ایف پی سی سی آئی انتخابات میں حصہ لینے والے اپوزیشن گروپ بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوار اور رہنماؤں کی جانب سے انتخابی مہم اخلاقی دائرے میں رہ کر نہ چلائے جانے، یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کے خلاف نازیبا، غیرمہذب زبان استعمال کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مذکورہ رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ سال کے انتخابات میں بزنس مین پینل کو بدترین اور عبرتناک شکست کا سامنا رہا اور بزنس کمیونٹی نے فیڈریشن سے برسوں سے اقتدار سے چمٹے ہوئے ڈکٹیٹرز کو نکال باہر پھینکا تھا اور اب ایک بار پھر وہی مفاد پرست ٹولہ یکجا ہوکر بزنس کمیونٹی کو بے وقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے بھوکے مخالف گروپ کے صدارتی امیدوارحاجی غلام علی چار سال پہلے بھی ایس ایم منیر اور افتخار ملک کی سپورٹ پر صدر بن چکے ہیں اور انہوں نے زندگی میں کبھی اپنے خرچ پربیرون ممالک کے اتنے دورے نہ کئے ہونگے جتنے انہوں نے چار سال پہلے فیڈریشن کا صدر بن کر کئے تھے اور فیڈریشن کے خزانے کو مفت کا مال سمجھ کر اڑایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی حالت زار کو بدترین سطح تک پہنچانے کے ذمہ دار مخالف بزنس مین پینل کے نام نہاد لیڈران کس منہ سے بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کرنے کے دعوے کررہے ہیں جبکہ انہوں نے فیڈریشن کے خزانے کو خالی کرکے بزنس کمیونٹی کے نمائندہ ادارے کوبھکاری بنادیا تھا اور وہاں یہ حالت تھی کہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے بھی پیسے نہ بچے تھے لیکن یونائٹیڈ بزنس گروپ کے پہلے منتخب صدر میاں محمدادریس ، سینئر نائب صدر عبدالرحیم جانو اور انکی پوری ٹیم نہ نہ صرف فیڈریشن کی مالی بدحالی کو دور کیا بلکہ خزانے کو دوبارہ بھردیا ہے،اس طرح یہ واضح ہوچکا ہے کہ کون فیڈریشن چیمبر کے وسائل ہڑپ کرتا تھا اور کن لوگوں کے گھروں کے کچن فیڈریشن کے پیسوں سے چلتے تھے۔

تاجررہنماؤں نے مزید کہا کہ یو بی جی کے عہدیداران نے گزشتہ سال سینیٹر عبدالحسیب خان کے تیار کردہ منشور کے مطابق بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے اور ہمیں فخر ہے کہ پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی کے محبوب ترین لیڈرز ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے ابتدائی سال میں قومی یکجہتی کی مثال قائم کرتے ہوئے پاکستان بھر کے تاجروں کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے جبکہ یو بی جی پنجاب ریجن کے چیئرمین ایس ایم نصیر نے بھی پنجاب میں مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں ،بزنس کمیونٹی کے مفادات کولوٹنے والا بزنس مین پینل پر مشتمل ٹولہ اب چہرے بدل کر بے وقوف نہیں بنا سکتا اور30کو مفاد پرستی کا رہا سہا جنازہ بھی نکل جائے گا۔