ہمیں مستقبل کا سوچنا ہے ہم ماضی میں بند نہیں رہ سکتے ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ

ہم نے آگے بڑھنے پر اتفاق ، مل کر کام کر سکتے ہیں ، بھارتی اخبار کو انٹرویو

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:05

ہمیں مستقبل کا سوچنا ہے ہم ماضی میں بند نہیں رہ سکتے ، لیفٹیننٹ جنرل ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) پاکستان کے قومی سلامتی مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے بھارتی ہم منصب اجیت دو ول سے ہونیوالی حالیہ ملاقات کو اچھی ابتداء قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل کا سوچنا ہے ہم ماضی میں بند نہیں رہ سکتے ہیں اور نہ ہی یہ معاملہ آنیوالی نسلوں پر چھوڑ سکتے ہیں ۔ہم نے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے اور مل کر کام کر سکتے ہیں ۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمزکو اسلام آباد سے ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات چیت کا یہ عمل آگے بڑھے گا ہمارے لئے یہ بات اہم ہے کہ ہم ماضی میں منجمند نہیں رہ سکتے ۔ ہمیں مستقبل کا سوچنا ہے اور مل کر کچھ کرنا ہے ممبئی حملوں کے بعد رکا ہوا بات چیت کا عمل بڑھانا ہو گا جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپکو قومی سلامتی مشیر بنائے جانے کا مطلب یہ ہے کہ فوج بھی امن کے عمل کے ساتھ ہے تو ناصر جنجوعہ نے کہا کہ ہم تنازعات میں پھنسے نہیں رہ سکتے ہمیں یہ بات سمجھنی چاہئے کہ مل کر آگے بڑھنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے آگے بڑھنے پر اتفاق کیا ہے اور مسٹر دوول سے میری ملاقات بہت اچھی رہی ہے ہم سمجھتے ہیں کہ ہم مل کر چل سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے قومی سلامتی مشیروں کی حالیہ ملاقات تھائی لینڈ میں ہوئی تھی جس کے بعد بھارتی وزیر خارجہ شسما سوراج نے پاکستان کا دورا کیا اور دونوں ملکوں نے جامع مذاکرات بحال کرنے پر اتفا ق کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :