برازیل میں عدالت نے 48گھنٹوں کیلئے واٹس ایپ سروس معطل کرنے کا حکم دیدیا

فیصلے سے مایوسی ہوئی،سوشل سائٹ کے ذریعے لاکھوں لوگ آپس میں جڑے ہوئے ہیں،چیف ایگزیکٹیوواٹس ایپ

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:29

برازیل میں عدالت نے 48گھنٹوں کیلئے واٹس ایپ سروس معطل کرنے کا حکم دیدیا

برازیلیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) فوجداری مقدمے میں جولائی میں دیئے گئے عدالتی حکم پر عمل درآمدنہ ہونے پر برازیل میں عدالت نے 48گھنٹوں کے لیے واٹس ایپ سروس معطل کرنے کا حکم دیدیا جس پر موبائل فون کمپنیوں نے جمعرات کی صبح سے دودن کیلئے سروس واٹس ایپ سروس بند کردی۔برازیلین فون کمپنی ’سندیٹیلی براسل‘ نے بتایاکہ ساؤ پالوسٹیٹ جسٹس ٹربیونل کی طرف بدھ کی دوپہر کو لاطینی امریکہ کے بڑے ملک میں واٹس ایپ کی میسجنگ اور وائس سروس معطل کرنے کا حکم ملا اور عدالتی حکم کے مطابق آدھی رات کو سروس بلاک کردی گئی ۔

(جاری ہے)

فیس بک پر اپنے ایک بیان میں واٹس ایپ کے چیف ایگزیکٹو جان کوم نے کہاکہ ’واٹس ایپ کی سروسز کی معطلی سے متعلق فیصلے پر مایوس ہیں ، واٹس ایپ پر بہت سے برازیلی شہری آپس میں رابطوں کیلئے انحصار کرتے ہیں اور برازیل کے اپنے آپ کو دنیا سے قطع تعلق کرلینے پر افسوس ہے ،بینڈ نیوز ٹی وی نیٹ ورک کے مطابق اس مقدمے میں بنیادی طورپر منشیاب کے سمگلروں کا کردار ہے جو نہایت خطرناک اور جرائم پیشہ عناصر پر مشتمل گینگ ہے ، وہ مبینہ طورپر جرائم کرنے کے لیے واٹس ایپ سروسز استعمال کرتے ہیں تاہم یہ واضح نہیں بتایاگیاکہ ان کے پاس یہ معلومات کہاں سے آئیں ۔