قوم سانحہ مشرقی پاکستان اورآرمی پبلک اسکول کے شہداء کو نہیں بھلا سکتی،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

جمعرات 17 دسمبر 2015 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاہے کہ قوم سانحہ مشرقی پاکستان اورآرمی پبلک اسکول کے شہداء کو نہیں بھلا سکتی۔قیام پاکستان کے صرف چوبیس سال کے بعد اس کے بڑے حصے کا علیحدہ ہونا بلاشبہ مسلم تاریخ کا بڑا سانحہ تھا،یہ کسی ملک وقوم کی نہیں بلکہ نظریہ پاکستان کی جنگ تھی کیونکہ برصغیر کے مسلمانوں نے اسلام اور کلمہ طیبہ کے نام پر پاکستان کے نام پر بڑی جدوجہد کے بعد علیحدہ ملک حاصل کیا تھا۔

مگر بھارت نے کبھی بھی اسے دل سے تسلیم نہیں کیا اوروطن عزیز کے خلاف سازشوں میں مصروف رہا۔بالآخر وہ 1971میں پاکستان کو دولخت کرکے اپنی سازشوں میں کامیاب ہوگیا،جس کا اعتراف خود بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے دورہ بنگلہ دیش میں بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج یوم سقوط ڈھاکہ کے موقع پرجاری اپنے پیغام میں کہاکہ مٹی کی محبت اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان کو بٹوارے سے بچانے کیلئے بے شمار قربانیاں دینے والوں کو آج غدار وطن قرار دیکر پھانسیوں پر لٹکایا جارہاہے۔

اس وقت بھی بنگلہ دیش کے اسلام پسندوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے۔پاکستان قائم ہونے کیلئے بنا تھا اور ان شاء اﷲ نظریہ پاکستان بھی قائم رہے گا۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں تاریخ کے تلخ تجربات سے سبق سیکھ کر اپنے رویوں،طرزسیاست اورحکمرانی میں تبدیلی لانی چاہئے۔ایسا نہ ہوکہ ہماری انا اور مفادپرستانہ سیاست کے نتیجے میں سقوط ڈھاکہ جیسا واقعہ دوبارہ نہ رونما ہوجائے پھر سوئے پشیمانے اور پشتاوے کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے ماضی سے سبق حاصل کرکے آگے بڑھنے کی سعی کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور جیسے سانحات سے بچنے کیلئے ضرب عضب کو جاری رکھ کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :