معطل فیفا صدر سیپ بلاٹر نے پابندی اٹھانے کا مطالبہ کر دیا

جمعہ 18 دسمبر 2015 16:33

معطل فیفا صدر سیپ بلاٹر نے پابندی اٹھانے کا مطالبہ کر دیا

زیورخ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار18دسمبر- 2015ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے معطل شدہ صدر سیپ بلیٹر نے ان پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں میں شرکت پر عائد عارضی پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ، انکے وکیل نے بلاٹر کے خلاف جاری تحقیقات بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ عالمی میڈیا کے مطابق بلاٹر گزشتہ روز زیورخ میں تنظیم کی ضابطہ اخلاق کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جو ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد بلاٹر کے وکیل رچرڈ کلن نے کہا کہ ثبوت ظاہر کرتے ہیں کہ ان کے موکل کے اقدامات فیفا کے ضابطہ اخلاق کے خلاف نہیں تھے ۔ ضابطہ اخلاق کمیٹی نے سوئس حکام کی جانب سے سیپ بلیٹر کے خلاف یورپی فٹبال کے سربراہ مشل پلاٹینی کو 2011ء میں 20 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کے معاملے میں فوجداری تحقیقات کے آغاز کے بعد رواں برس اکتوبر میں بلاٹر کو 90 دن کے لیے معطل کر دیا تھا ، ان کے علاوہ پلاٹینی بھی اسی عرصے کے لیے معطل کیے گئے تھے ۔ خیال رہے کہ بلاٹر آئندہ برس 26 فروری کو تنظیم کی صدارت چھوڑ رہے ہیں ۔