بگ 3 دور میں چھوٹے ممالک کو فنڈز کی کمی کے خدشات لاحق ہونے لگے

جمعہ 18 دسمبر 2015 16:53

بگ 3 دور میں چھوٹے ممالک کو فنڈز کی کمی کے خدشات لاحق ہونے لگے

لندن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار18دسمبر- 2015ء) بگ 3 دور میں چھوٹے ممالک کو آئی سی سی کی جانب سے فنڈز میں کمی کے خدشات لاحق ہو گئے ہیں جس پر ان میں کافی غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ ایک تجزیے کے مطابق کرکٹ کی گورننگ باڈی دوسرے ملکوں کے مقابلے میں افغانستان اور آئرلینڈ کو پہلے ہی بہت زیادہ رقم دے چکی ہے ، یہ اضافی رقم ان ایسوسی ایٹ اور ایفلی ایٹ ممالک کے فنڈز میں سے ہی ادا کی گئی تھی ۔

افغانستان اور آئرلینڈ کو آئی سی سی کی درجہ بندی کے اعتبار سے سالانہ 1.7 ملین ڈالرز کی خطیر رقم دی گئی اور اب وہ سالانہ 3 ملین ڈالرز ایسوسی ایٹ ممالک کے ریونیو سے مزید وصول کریں گے ، دیگر ممالک کا یہی کہنا ہے کہ انہیں یہ رقم ان کے خزانے سے ادا کی جائے گی جس کے سبب ان میں بے چینی پائی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کرکٹ سکاٹ لینڈ کے چیف ایگزیکٹو میلکم کونن کے مطابق ان دو ملکوں کی زائد فنڈز وصول کرنے میں کامیابی ایسوسی ایٹ اور ایفلی ایٹ ملکوں کے بل پر ہے جنہیں اپنے حصے کی پوری رقم بھی نہیں مل سکے گی ۔

کرکٹ آئرلینڈ کے سربراہ راس میکولم نے اس فیصلے کے دفاع میں کہا کہ انہیں یا افغانستان کو ایسوسی ایٹ ممالک کے خزانے سے ادائیگی نہیں کی گئی ہے کیونکہ ایسوسی ایٹ ممالک تو اس بات کے متحمل بھی نہیں ہو سکتے کہ ان کے حصے کی رقم میں سے کچھ افغانستان یا آئرلینڈ کو دے دیا جائے ۔