رینجرز اختیارات،جمہوریت کو خطرہ ہوا تو اداروں کے ساتھ ہوں گے،وسیم اختر

جمعہ 18 دسمبر 2015 16:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)کی جانب سے کراچی کے لیے نامزد میئر وسیم اختر نے سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے حوالے سے کہا ہے کہ جمہوریت اور منتخب اداروں کی بقا کا سوال پیدا ہوا تو وہ جمہوری اداروں کا ساتھ دیں گے۔ایم کیوایم کے مطالبے پر شروع کیا گیا کراچی آپریشن، صرف کراچی تک ہی محدود نہیں رہنا چاہیے،رینجرز آپریشن پر ان کی جماعت کو تحفظات ہیں اور ارباب اختیار کو ان تحفظات اور شکایات سے آگاہ کیا جاچکا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ کراچی سے بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وسیم اختر نے رینجرز کی جانب سے ہرجانے کے دعویٰ پر بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ ماضی کی طرف نہیں دیکھنا چاہتا،اپنی نئی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی اداروں تک اختیارات کی منتقلی نہ کی گئی تو ایم کیو ایم عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے گی۔انھوں نے چیف جسٹس سے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دلوانے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

'بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کی ہدایت پر کروائے گئے ہیں اور اسے ہی اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنانا چاہیے۔'متحدہ کے رہنمانے کہا کہ ایم کیو ایم سب سے پہلے منتخب ایوانوں میں یہ بات اٹھائے گی کہ آئین کے تحت بلدیاتی اداروں تک اختیارات کی منتقلی ہونی چاہیے اور اس حوالے سے اگر ایوانوں میں ایم کیو ایم کی آواز نہ سنی گئی تو عدلیہ کا دروازہ کھٹکایا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر وہاں سے بھی انصاف نہ ملا تو عوام کے پاس واپس جائیں گے۔وسیم اختر کا کہنا تھا کہ انہیں کراچی میں ترقیاتی کام شروع کرنے سے پہلے بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور بجٹ کے حصول کی لڑائی لڑنا ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی میں پانی اور صفائی کا مسائل بڑے اہم ہیں اور سب سے پہلے وہ ان پر توجہ دینا چاہیں گے۔

متعلقہ عنوان :