سری لنکا نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پوزیشن بہتر کر لی

پہلے روز پہلی اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے

جمعہ 18 دسمبر 2015 17:39

سری لنکا نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ ..

ہملٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) سری لنکا نے ابتدائی جھٹکوں کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن بہتر کر لی ہے اور پہلے روز پہلی اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے۔ ملندا سری وردنے 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اینجلو میتھیوز 63 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جمعہ کو سیڈن پارک، ہیملٹن شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میک کلم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ دیمتھ کرونا رتنے اور کوشال مینڈس نے 39 رنز کا آغاز فراہم کیا، دیمتھ کرونا رتنے 12 رنز بناکر ٹم ساؤدی کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اگلے ہی اوور میں ٹم ساؤدی نے کوشال مینڈس کو 31 کے انفرادی سکور پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔

اس کے بعد ادرا جائے سندرا اور دنیش چندیمل نے سکور کو بڑھانا شروع کیا اور 115 تک لے گئے، جائے سندرا 26 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ 121 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی چوتھی وکٹ گر گئی جب دنیش چندیمل 47 رنز بناکر ڈگ بریسویل کا نشانہ بن گئے۔ ملندا سری وردنے 62 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر روس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، اسی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے کتھروان وتھنگے کو صفر پر پویلین واپس بھیج کر سری لنکا کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

رنگنا ہیراتھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح سری لنکا نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا لئے۔ اینجلو میتھیوز 63 اور دشمانتھا چمیرا صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤدی نے دو، دو جبکہ ڈگ بریسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :