ناروے رہائش کے لئے دنیا کا بہترین ملک،پاکستان چھ سال میں کوئی بہتری نہ دکھا سکا، اقوام متحدہ کی رپورٹ

پاکستان مزید ایک درجہ تنزلی کے بعد 147 ویں نمبر پر آگیا،یو این ڈی پی

جمعہ 18 دسمبر 2015 22:54

ناروے رہائش کے لئے دنیا کا بہترین ملک،پاکستان چھ سال میں کوئی بہتری ..

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یو این ڈی پی نے انسانی ترقی کی فہرست (ایچ آئی ڈی) میں ناروے کو رہائش کیلئے دنیا کا بہترین ملک قرار دیا ہے جب کہ انسانی ترقی کی اس فہرست میں پاکستان نے 6 سال میں بھی کوئی ترقی نہیں کی اور مزید ایک درجہ تنزلی کے بعد 147 ویں نمبر پر آگیا۔یو این ڈی پی کی جانب سے 2015 کی رپورٹ انسانی ترقیاتی اشاریہ دنیا کے 188 ممالک میں اوسطاً عمر،تعلیم، آمدنی اور معیارِ زندگی کی بنیاد پر تیار کی گئی جس کے مطابق عالمی سطح پر انسانی ترقی کی سست نشوونما میں آمدنی میں جمود یا اضافہ اور تعلیمی عدم مساوات نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رہائش کے لیے بہترین ملک میں ناروے کے بعد آسٹریلیا، سوئٹزرلینڈ، ڈنمارک، ہالینڈ، جرمنی، آئرلینڈ، امریکا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ شامل ہے جب کہ برطانیہ کو 14 ویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں پاکستان نے مزید ایک درجہ تنزلی کی ہے اور 188 ممالک میں سے 147 ویں نمبر پر آگیا ہے جب کہ پاکستان کی 146 ویں پوزیشن گزشتہ 6 سال سے برقرارتھی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 15 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد میں بے روزگاری کی شرح 48.4 فیصد کے قریب ہے جب کہ پاکستان میں 8 کروڑ 30 لاکھ افراد یعنی 45 فیصد آبادی کثیر جہتی مفلسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ میں انسانی ترقی کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سماجی خدمات اور حفاظتی جال کی بنیاد پر لوگوں کو بااختیار بنانا چاہیے تاکہ وہ زندگی کی قدر کرتے ہوئے زندگی گزاریں۔رپورٹ کے مطابق دنیا کی 2 بڑی معیشتیں چین اور بھارت اس فہرست میں بالترتیب 90 اور 130 ویں نمبر پر ہیں اور اس کے علاوہ سری لنکا 73 ، بنگلا دیش 142، نیپال 145 جب کہ افغانستان کو 171 ویں نمبر پر ہے۔

2015 کے انڈیکس میں سب سے آخری مقام پر افریقی ملک نائیجریا ہے جب کہ اس سے پہلے مرکزی افریقی جمہوریہ، اریٹیریا، چاڈ اور برونڈی کو رکھا گیا ہے۔انڈیکس کے اجرا کے موقع پر اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا کہ انسانی ترقی کی یہ فہرست بنانے کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کسی بھی ملک کی عوام اور اس کی صلاحیتوں کا اپنے ملک کے لیے کام آنا ہے جب کہ یہ رپورٹ صرف اقتصادی ترقی کے لیے نہیں۔ رپورٹ کے مطابق ناروے مسلسل 12 سال سے اس فہرست میں پہلے مقام پر آ رہا ہے اور اعدادوشمار کے مطابق ناروے میں لوگوں کی اوسط عمر 81.6 سال ہے جب کہ وہاں کے عوام اوسطاً ساڑھے 17 سال تعلیم حاصل کرتے ہیں۔