محمد عامر کو ابھی مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے ، عاقب جاوید

ہفتہ 19 دسمبر 2015 12:30

محمد عامر کو ابھی مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے ، عاقب جاوید

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19دسمبر۔2015ء) سابق مایہ ناز فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ محمد عامر کو ابھی مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے ، وہ اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے بعد ہی انٹرنیشنل میدانوں میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک انٹرویو میں سابق تیز رفتار باؤلر عاقب جاوید نے کہاکہ نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر کو ابھی جتنا ممکن ہوسکے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے، انھیں پریکٹس کے ساتھ کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کا چیلنج بھی درپیش ہے، اس بڑی رکاوٹ کے بعد ہی وہ میدانوں میں صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر عامر واقعی 5 سال میں ایک بہتر شخصیت بن چکے ہیں تو انھیں موقع دینا چاہیے۔عاقب جاوید یواے ای ٹیم کی مصروفیات کے سبب پاکستان سپر لیگ میں کوچنگ کی خواہش پوری نہ کرسکیں گے، انھوں نے کہا کہ میں نے ایونٹ میں خدمات فراہم کرنے کیلیے درخواست دی تھی، 2 ٹیموں کی جانب سے پیشکش بھی ہوئی لیکن اماراتی ٹیم کو اسی دوران نیدرلینڈز کے خلاف سیریز کھیلنی ہے لہذا میں کوچ ہونے کے ناطے پاکستان کی اولین لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے پی ایس ایل کی کامیابی کے ساتھ ٹیموں اور انتظامیہ کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :