مصباح الحق اوریونس خان کاسپرلیگ کے آئیکون کرکٹرز میں نام شامل نہ ہونے پر احتجاج

ہفتہ 19 دسمبر 2015 12:31

مصباح الحق اوریونس خان کاسپرلیگ کے آئیکون کرکٹرز میں نام شامل نہ ہونے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19دسمبر۔2015ء) پاکستان سپر لیگ کے آئیکون کرکٹرز کی فہرست میں شامل نہ کیے جانے پر مصباح الحق نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا۔ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کیلئے 5 آئیکون کرکٹرز کا اعلان کیا گیا ہے، ان میں پاکستان کے صرف 2 کھلاڑی شاہد آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں، 3 غیرملکیوں کرس گیل، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کو مصباح الحق، یونس خان اور محمد حفیظ جیسے سینئرزپر ترجیح دی گئی۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح نے پی ایس ایل کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا، ان کا موقف ہے کہ پاکستانی لیگ میں پی سی بی کو اپنے کرکٹرز کو فوقیت دینی چاہیے تھی، منتظمین نے انھیں یہ کہہ کر قائل کرنا چاہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو آئیکون درجہ دینے کے باوجود ایونٹ میں پانچوں فرنچائززکی قیادت پاکستانی کرکٹرز ہی کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حقیقت یہ ہے کہ گذشتہ دنوں پی ایس ایل ورکشاپ میں یہ بات واضح طور پر کہی گئی کہ آئیکون کرکٹرز ہی اپنی ٹیموں کے کپتان ہوں گے، اس تضاد کے بعد قیادت کے حوالے سے تنازع کا خدشہ ہوگیا ہے۔یاد رہے کہ اس وقت دنیا میں جتنی بھی ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلی جا رہی ہیں ان میں آئیکون کرکٹرز اور کپتان میزبان کھلاڑیوں کو ہی بناکر خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے، بھارت میں راہول ڈریوڈ اور انیل کمبلے ٹی 20 اسپیشلسٹ نہ ہونے کے باوجود آئی پی ایل میں آئیکون کرکٹرز کے اعزاز سے نوازے گئے، حال ہی میں بنگلہ دیشی لیگ میں کرس گیل میزبان کھلاڑی محمود اللہ کی قیادت میں کھیلے، عصر حاضر کے سب سے کامیاب بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز آئی پی ایل میں ویرات کوہلی کی زیرقیادت کھیل چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :